لیہ( صبح پا کستان ) لاہور ہائی کورٹ کی طرف سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس لیہ کے فیلڈاہلکاروں کو موٹرسائیکل فراہم کی دی گئیں ۔ جج لاہور ہائی کورٹ مسٹرجسٹس علی باقر نجفی اور مسٹرجسٹس شہباز علی رضوی نے ڈسٹرکٹ کورٹس کے 63اہلکاروں میں موٹر سائیکل کی چابیاں تقسیم کیں ۔
اس سلسلہ میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ایک تقریب منعقدکی گئی جس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اعجازحسن اعوان،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز ،سول ججز صاحبان ،صدر بار ارشداسلم سہیڑ،جنرل سیکرٹری عزیر مہدی قریشی، سپرنٹنڈنٹ غلام قاسم بلوانی موجود تھے ۔
مسٹرجسٹس علی باقر نجفی نے اس موقع پر اہلکاروں کو ہدایت کی کہ فراہم کی جانے والی موٹر سائیکل قومی امانت ہیں لہذا اس کے صحیح استعمال کو یقینی بنایاجائے تاکہ عدالتی احکامات کی بروقت ترسیل ہوسکے ۔ مسٹرجسٹس شہباز علی رضوی نے کہا کہ موٹر سائیکل کی سہولت سے عدالتی احکامات کی بروقت ترسیل میں مدد ملے گی ۔ بعدازاں معزز جج صاحبان نے جوڈیشل کمپلیکس کے سبز ہ زار میں پودے لگائے ۔ قبل ازیں معزز جج صاحبان کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ آمد پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی ۔
اپنے دورہ لیہ کے دوران ججز لاہور ہائی کورٹ جسٹس باقر علی نجفی اور جسٹس شہباز علی رضوی نے تحصیل کورٹس کروڑاور ڈسٹرکٹ جیل لیہ کا دورہ بھی کیا ۔ کورٹس آمدپر چاک وچوبند دستے نے سلامی پیش کی اورمارچ پاسٹ کیا ۔ بعدازاں ججز صاحبان نے ڈسٹرکٹ جیل میں سیکورٹی انتظامات،خواتین وارڈر،جیل ہسپتال ،جیل کی تمام بارکس ،کھانے کے معیار،صفائی ،روشنی،طبی سہولیات کاجائزہ لیا اور قیدیوں سے مسائل دریافت کیے اور انتظامات کو تسلی بخش قراردیتے ہوئے جیل انتظامیہ کی کاوشوں کو سہرایا ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لیہ اعجاز حسن اعوان، قائم مقام ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر گلفام ناصر اور سپرنٹنڈنٹ جیل محمد فیروز کلیارہمراہ تھے ۔