لاہور ۔ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کوپارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر روکنے کا فیصلہ کر لیاگیا۔لیگی صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلا س میں میڈیا سے متعلق کا لا قانون روکنے کے لیے اپوزیشن کی مشترکہ کمیٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔کمیٹی بل کے قانونی اور دیگر پہلووں کا جائزہ لے کر حکمت عملی تجویز کرے گی۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق مسلم لیگ(ن) کے صدرشہباز شریف کی زیر صدارت میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے متعلق پارٹی کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں شہبازشریف نے پارٹی رہنماوں کو صحافتی تنظیموں سے ہونے والی ملاقات سے متعلق آگاہ کیا۔
اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میڈیا کی تمام نمائندہ تنظیموں نے میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو مسترد کیا ہے ،پی ایم ڈی اے ایک کالا قانون ہے، ہر فورم پر روکیں گے اور تمام قانونی آپشنز کا استعمال کریں گے،حکومت کا مقصد قانون سازی یا امور بہتر بنانا نہیں بلکہ میڈیا کو اپنا تابع فرمان بنانا ہے ۔
اپوریشن لیڈر نے کہا کہ نام نہاد قانون کی تیاری میں متعلقہ فریقین سے مشاورت نہیں ہوئی اور نہ ہی اس میں متعلقہ فریقین سے تجاویز اور آرا لی گئی ہیں،یہ کالا قانون منظور ہوا تو ملک سے اظہاررائے کی آزادی کا وجود مٹ جائے گا،آئین میں دی گئی اظہار رائے کی آزادی سلب کرنے کا راستہ ہر قیمت پر روکنا ہوگا۔