لاہور۔ ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت کو جہانگیر ترین کی شوگر ملز کے خلاف آئندہ سماعت تک کارروائی سے روک دیا۔ جہانگیر ترین کی شوگر ملز کی درخواست پر پنجا ب حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب بھی طلب کرلیا۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں چینی کا ایکس مل ریٹ مقرر کرنے کے خلاف جہانگیر ترین کی شوگر ملز کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ شوگر ملز انتظامیہ کی جانب سے لاہو ر ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا اور کہا گیا کہ عدالت نے ریٹ مختص کرنے سے قبل شوگر ملز مالکان کا موقف سننے کا حکم دیا تھا ، عدالتی حکم کے باوجود درخواست گزاروں کو سنا ہی نہیں گیا اور چینی کی نئی قیمت 89اعشاریہ 50روپے مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیاگیا۔
درخواست میں کہا گیا کہ حکومت کے مقررہ کردہ نرخ پر چینی کی فروخت ممکن نہیں ، حتمی فیصلے تک نوٹیفکیشن پر عملدرآمد روکا جائے۔
عدالت نے تمام درخواستیں یکجا کرکے مرکزی کیس کے ساتھ مقرر کرنے اور شوگر ملز کو چینی کی قیمت میں فرق کے برابر مچلکے جمع کرانے کا حکم جاری کردیا۔