لاہور . چھ ہفتے کے لیے بیرون ملک جانے اور نام ای سی ایل سے نکالنے کی استدعا، لاہور ہائیکورٹ میں مریم نواز کی درخواست پر آج سماعت ہوئی۔ لاہورہائیکورٹ نے ای سی ایل سے نام نکالنے کی مریم نوازکی درخواست خارج کردی۔ عدالت نے حکم دیا کہ پہلے وفاقی حکومت کونظرثانی کی درخواست دیں۔
تفصیل کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف کی ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نام نکالنے کے لیے درخواست پر سماعت آج ہوئی۔ لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔ درخواست میں وفاقی حکومت اور چیئرمین نیب سمیت دیگر کو فریق بنا رکھا ہے۔ درخواست میں مریم نواز نے موقف اختیار کیا ہے کہ وہ ڈیڑھ سال تک مسلسل عدالتوں میں پیش ہوتی رہیں، ای سی ایل میں نام ڈالنے کا اقدام غیر قانونی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ حتمی فیصلے تک چھ ہفتوں کے لئے مریم نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔ اس کے علاوہ مریم نواز نے پاسپورٹ واپس لینے کے لیے بھی متفرق درخواست دائر کر رکھی ہے۔