راولپنڈی اورسرگودھا ڈویژن کے اراکین اسمبلی سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران گفتگوکرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کاکہناتھا کہ عوام کومایوس نہیں کریں گے۔مسائل ضرورہیں ان کی بنیادیں اورجڑیں کافی گہری ہیں ۔عوام کے اعتمادکوکبھی ٹھیس نہیں پہنچنے دیں گے۔پنجاب میں نیابلدیاتی نظام متعارف کرایاجارہا ہے جوحقیقی اندازمیں عوام کے مسائل کے حل میں مددگارہوگا۔وزیراعلیٰ کاکہناتھا کہ تجاوزات اورقبضہ مافیا کے خلاف جاری آپریشن کومنطقی انجام تک پہنچایاجائے گااوربڑے مگرمچھوں کونہیں چھوڑیں گے اورمتعلقہ حکام ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ آپریشن بغیرکسی دباؤکے جاری رکھاجائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہرضلع میں انسدادتجاوزات سیل ڈپٹی کمشنرزکے آفس میں قائم کیے جائیں گے۔متعلقہ محکموں کے نمائندے اورڈپٹی کمشنرآفس کانمائندہ سیل کے ممبرہوں گے۔اجلاس میں قبضہ مافیااورتجاوزات کے خلاف جاری مہم پرہونے والی پیش رفت کاجائزہ لیا گیا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب کوبریفنگ کے دوران بتایاگیا کہ لاہورڈویژن کے چاراضلاع میں سات ارب روپے سے زائدمالیت کی دوسوپچاس ایکڑسے زائدسرکاری اراضی پرقبضہ ختم کراکے واگزارکرائی گئی۔وزیراعلیٰ نے قبضہ مافیااورتجاوزات کے خلاف جاری مہم پراطمینان کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ اربوں روپے کی سرکاری اراضی کوچندروزمیں واگزارکرانامتعلقہ امحکموں کی مربوط اورموثرکوآرڈی نیشن کانتیجہ ہے جس پرمیں انہیں مبارکباددیتاہوں۔کیونکہ سب نے ٹیم ورک کے طور پر کام کرکے بہترن کارکردگی کامظاہرہ کیاہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ایسی کارکردگی آئندہ بھی جاری رکھی جائے تاکہ قبضہ مافیاکاخاتمہ کیاجاسکے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ قبضہ مافیااورتجاوزات کے خلاف موثراندازمیں آپریشن جاری رکھاجائے اورعام آدمی کواس مہم میں تنگ نہ کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ میں خوداس آپریشن کی نگرانی کررہاہوں۔طاقتورقبضہ مافیاکوکسی صورت نہیں چھوڑیں گے بااثرمافیاکے خلاف کارروائی بھرپورطریقے سے جاری رکھی جائے اورواگزارکرائی گئی زمین کے بہترین استعمال کے لیے تجاویزپیش کی جائیں۔ سینئروزیرعبدالعلیم خان کاآپریشن کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہناتھا کہ تجاوزات اورسرکاری اراضی کوواگزارکرانے کے لیے مربوط آپریشن کیاجائے تمام متعلقہ ادارے آن بورڈ ہوں جب کہ وفاقی محکموں کوبھی لوپ میں لیاجائے۔عبدالعلیم خان کاکہناتھا کہ آئندہ کے لیے ایسی پالیسی تشکیل دیں کہ دوبارہ تجاوزات نہ ہوں قابضین کے بجلی ،گیس اورپانی کے کنکشن منقطع کیے جائیں۔سینئروزیرنے اس بات کی بھی ہدایت کی کہ بیواؤں ،یتیموں اورانتہائی غریب افرادسے رعایت برتی جائے۔مہم کامقصدبڑے مافیااوربڑی مچھلیوں پرہاتھ ڈالناہے ۔حکومت کی ایک ایک انچ جگہ واپس لی جائے گی۔ناجائزرعایت کی شکایت ملی توسخت ایکشن لیاجائے گا۔عبدالعلیم خان کاکہناتھا کہ محکمہ مال کی اکتیس ہزارکنال سے زائداراضی پرقبضے کرنے والوں کومحکمہ مال وریونیوکے افسران سمیت ملازمین اورپٹواریوں کی مکمل پشت پناہی حاصل رہی ۔ لیہ میں انجمن تاجران کے نمائندہ وفدسے گفتگوکرتے ہوئے کمشنرڈیرہ غازی خان راناگلزاراحمدکاکہناتھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکی ہدایت پرصوبہ پنجاب میں تجاوزات کے خلاف مہم جاری ہے۔اس سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ تاجرتنظیموں کواعتمادمیں لے کرآپریشن کررہی ہیں تاکہ تجاوزات کاخاتمہ ہوسکے۔کمشنرڈیرہ غازی خان نے انجمن تاجران کے وفودپرزوردیاکہ عوام کو صاف ستھرے اورکشادہ بازاروں میں خریداری کے مواقع فراہم کرنے اورشہروں کی خوبصورتی کے لیے اس مہم میں انتظامیہ کاساتھ دیں کمشنرنے تحصیل انتظامیہ اورمیونسپل کمیٹیز کوغیرقانونی رکشہ ویگن اوربس سٹینڈ کے خلاف فوری کارروائی کرنے اورخوانچہ فروشوں کے لیے مخصوص جگہ مختص کرنے کی ہدایت کی تاکہ کسی کا روزگارمتاثرنہ ہو۔ ملتان سے خبرہے کہ ہوم ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پرصوبہ بھرمیں ضلع کی سطح پراینٹی انکروچمنٹ کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں جن کے کنوینرمتعلقہ ڈپٹی کمشنرہوں گے جب کہ ممبران میں متعلقہ سی سی پی او،سی پی او، ڈی پی او ، میئر ، چیئرمین، ڈویلپمنٹ اتھارٹی کاممبر،متعلقہ پاورکمپنی کانمائندہ اورگیس کمپنی کانمائندہ شامل ہیں۔کمیٹی نہ صرف عارضی انکروچمنٹس بلکہ پرماننٹس انکروچمنٹس کے خلاف ایکشن لے گی۔ ڈپٹی کمشنربہاولپورمحمدایوب خان کاکہناتھا کہ ضلع بھرمیں ناجائزتجاوزات کے خلاف مہم زوروشورسے جاری ہے ۔رپورٹ کے مطابق تحصیل حاصل پورمیں موضع پراناحاصل پور، تحصیل خیرپورٹامیوالی،چک نمبر۲۳، غریب شاہ، خیرپورشہر،تحصیل احمدپورشرقیہ میں چک واہی، تحصیل یزمان میں چک نمبرایک سوتین ڈی بی، اورتحصیل بہاولپورکے علاقہ چک نمبربتیس اے سی میں بالترتیب ایک کروڑمالیت کی اڑتالیس کنال سرکاری اراضی، ایک کروڑ مالیت کی ایک سوچودہ کنال زرعی اراضی، چالیس کنال سکنی اراضی، بتیس کنال مالیت کی بتیس کنال زرعی اراضی، ایک کروڑمالیت کی ۶۴ کنال ،۹۵ لاکھ مالیت کی دوسوکنال اراضی وگزارکرائی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنربہاولپورمحمدایوب خان نے سترسال سے زیرقبضہ رنگ روڈ سے ملحقہ سات ایکڑسرکاری اراضی واگزارکروانے کے لیے جاری آپریشن کی خودنگرانی کی۔آپریشن میں موضع باقرپورکے علاقہ بستی حاجیاں میں پچاس کروڑ روپے سے زائدمالیت کی زمین کاقبضہ ختم کرایاگیا۔اسسٹنٹ کمشنرسٹی بہاولپورکی سربراہی میں فریدگیٹ، اندرون شاہی بازار، احمدپوری گیٹ، کھوکھامارکیٹ ، بس سٹینڈاوردیگرمقامات، اسسٹنٹ کمشنرصدربہاولپورکی سربراہی میں مین لاری اڈہ، مین بازار، سمہ سٹہ روڈ،گانورشاہ روڈ، گرلزہائی سکول کے سامنے ،بس سٹینڈ اوردیگرمقامات پرتھڑے توڑ دیے گئے۔ ڈیرہ غازی خان شہرمیں ہسپتال چوک، کچہری چوک تاریلوے پلی پراسسٹنٹ کمشنرملک احمدفرازاعوان، میونسپل کارپوریشن آفیسرمحمدشفیق کی زیرنگرانی تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رہا۔انتظامیہ نے تھڑے کھوکھے ،سیڑھیاں اورشیڈ کومسمارکرتے ہوئے کئی مرلہ اراضی واگزارکرائی۔تاجروں اوردکانداروں نے شدیداحتجاج کیا۔غازی گھاٹ میں ایس ایچ اوتھانہ قریشی کلیم اللہ گادی نے لوگوں کوازخودتجاوزات ختم کرنے کاتین دن کازبانی نوٹس دیا۔اسسٹنٹ کمشنرجہانیاں کی نگرانی میں جہانیاں شہرمیں صدربازار، لوہابازار،صرافہ بازار، گول چوک، سبزی منڈی سمیت مختلف مقامات سے غیرقانونی سیڑھیاں ،تھڑے مسمارکردیے گئے۔اسسٹنٹ کمشنرکوٹ چھٹہ امتیازمحسن نے موضع رکھ ڈھول ابڑیند میں آٹھ سوکنال زرعی رقبہ واگزارکرالیا۔کپاس اورچاول کی فصلیں بھی قبضہ میں لے لیں۔ڈپٹی کمشنرڈیرہ غازی خان علی اکبربھٹی نے کہا کہ تین روزکے دوران ضلع میں سات سوسے زائدتجاوزات اورقبضہ واگزارکرایاگیا۔تین مقدمات درج اورستانوے کروڑ روپے کاسرکاری رقبہ واگزارکرایاگیا ہے۔ضلع میں تجاوزات اورقبضہ مافیاکو۹۷۹ نوٹسزجاری کیے گئے ہیں۔اسسٹنٹ کمشنرلیاقت پورجام آفتاب حسین نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے چک نمبرایک سو۴۳ عباسیہ میں دوزمینداروں کے قبضہ میں زیرکاشت دوسوکنال زرعی اراضی واگزارکرالی۔اسسٹنٹ کمشنرحاصل پورمحمدطیب نے بھاری نفری اوربلدیہ کے عملہ کے ہمراہ چک نمبر۶۵ فتح اوردیگرعلاقوں میں سرکاری اراضی پرآپریشن کیا۔ جس پرعدالت چوک میں احتجاج کرتے ہوئے اہل علاقہ نے مطالبہ کیاکہ ہمیں بے دخل کرنے کی بجائے اراضی نیلام کی جائے تاکہ ہم اپناسرچھپاسکیں۔لیہ میں چودہ ہزارچھ سواڑتیس ایکڑرقبہ قابضین سے واگزار کر ا لیا گیا۔مظفرگڑھ میں جھنگ روڈ، جامعہ ہائی سکول کے اطراف ،ڈیرہ غازی خان روڈ، جھنگ موڑ پرغیرقانونی تھڑوں، کیبن اورسٹالوں کوسرکاری تحویل میں لے
لیا گیا۔سنانواں میں جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف ہائی وے کی حدودمیں ناجائزتعمیرشدہ دکانوں اورتھڑوں کومسمارکردیاگیا۔اسی خبرمیں لکھا ہے کہ لاکھوں روپے مالیت سے تیارسنانواں شہرکامین نکاسی کانالہ بھی مسمارکردیاگیاجس کی وجہ سے نکاسی آب بری طرح متاثرہے اورساراگنداپانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیاہے۔خانیوال میں آٹھ کروڑ انچاس لاکھ چھیانوے ہزاردوسوپچاس روپے مالیت کااڑسٹھ کنال گیارہ مرلے کاسرکاری رقبہ قابضین سے واگزا ر کرایا گیا ۔ جب کہ سرکاری اراضی پرقائم غیرقانونی تعمیرات اورتھڑے مسمارکردیے گئے۔بورے والاپی آئی لنک ملتان روڈپرچونگی نمبر۵ مرضی پورہ سڑک کے دونوں اطراف ہائی وے کی حدودمیں قائم پختہ دیواریں ،تھڑے، شیڈز اورپبلسٹی بورڈ وغیرہ کوگرادیاگیا۔تونسہ میں سرکاری رقبہ سلاٹرہاؤس کوواگزارکرالیاگیا۔قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کی تفصیلات اوربھی ہیں تحریرزیادہ طویل ہوجائے گی اس لیے اسی پراکتفاکرتے ہوئے اب ایسی خبریں شامل کرتے ہیں جواس مہم پر سوالیہ نشان لگارہی ہیں۔بہاولپورسے خبرہے کہ میونسپل کارپوریشن کاعملہ لوگوں کوکہہ رہاہے کہ یہ کام انتظامیہ کاہے ہم توان کے ساتھ سامان اٹھانے والے ہوتے ہیں۔ہمارے پاس کوئی اختیارنہیں ہے۔چھوٹے چھوٹے ریڑھی والوں کوتنگ کیاجارہاہے جوکہہ رہے ہیں ہم نے کون سی تجاوزات کی ہوئی ہیں ہم توچلتے پھرتے بچوں کی روزی کمارہے ہیں اس مہنگائی کے دورمیں زندگی گزارنامشکل ہوگیاہے۔ہرچیزمہنگی کردی ہے اب توبچوں کاپیٹ پالنامشکل ہوگیاہے۔لیاقت پورسے خبرہے کہ تجاوزات کے خلاف مہم کوعباسیہ روڈ کے تاجروں نے امتیازی اورغیرمنصفانہ قراردیتے ہوئے ہڑتال کی اوراحتجاجی ریلی نکالی۔تاجروں کاکہناہے کہ لیاقت پورشہراورتحصیل کے مختلف قصبات میں جاری تجاوزات کے خلاف مہم غیرمنصفانہ اورجانبدارانہ ہے۔آپریشن کے نام پردکانداروں کے تھڑے اورسائے کے لیے بنائے گئے چھپرے اورشیڈزگرائے جارہے ہیں۔
قبضہ مافیااورتجاوزات کے خلاف آپریشن مستقل بنیادوں پرہوناچاہیے۔ قیمتی سرکاری اراضی غیرقانونی طورپرکسی کے قبضہ میں بھی نہیں ہونا چاہیے ۔ پنجاب کی عوام قبضہ مافیااورتجاوزات کے خلاف آپریشن کرنے والوں کی تعریف کرتی ہے۔اس کے ساتھ ساتھ یہ یاددہانی بھی کراناچاہتی ہے کہ حکومت کاکام صرف آپریشن کرناہی نہیں ہوتااس کی اوربھی ذمہ داریاں ہیں۔محفوظ رہائش اورروزگارکمانے کے مواقع فراہم کرنابھی حکومت کی ذمہ داریوں میں شامل ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزداراورسینئروزیرعبدالعلیم خان نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف جاری مہم میں عام آدمی کوتنگ نہ کیاجائے اور بیواؤں ،یتیموں اورانتہائی غریب افرادسے رعایت برتی جائے۔اب اخبارات میں شائع ہونے والی اس مہم کی تفصیلات پڑھ کربخوبی اندازہ لگایاجاسکتاہے کہ وزیراعلیٰ اورسینئروزیرکی ان ہدایات پرکتناعمل کیاجارہا ہے۔بڑے بڑے مگرمچھوں، قبضہ مافیااورمجبورعوام میں فرق کیاجاناچاہیے ۔جوسبزی اورفروٹ بیچنے والا دن بھرمیں مشکل سے پانچ سوروپے کماتاہو، سڑک کنارے بیٹھاہواموچی جوسارادن جوتوں کی سلائی اورمرمت سے تین سے چارسوروپے روزانہ کماسکتاہواسی طرح ریڑھیوں اورتھڑوں والے جومشکل سے چار،پانچ سوروپے روزانہ کمارہے ہوں وہ دکانوں کاایڈوانس اورکرایہ کہاں سے اداکریں گے۔دکانداروں پرتوپابندی لگائی جاسکتی ہے کہ وہ اپناسامان مقررہ حدودکے اندررکھیں مگرتھڑے اورریڑھیاں لگانے والوں کااحساس بھی کرناچاہیے۔البتہ انہیں سختی سے یہ ہدایت کی جاسکتی ہے کہ وہ ایسی جگہ اپناروزگارکمائیں جہاں ٹریفک کی روانی پرمنفی اثرنہ پڑتاہو۔سڑکوں اورروڈز کے کناروں، چوراہوں، سڑکوں کے موڑ اوردیگرجگہوں پرتھڑوں اورریڑھیوں کے لیے ایسی جگہیں مختص کرکے جس سے ٹریفک کی روانی متاثرنہ ہو فٹ کے حساب سے کرایہ پردی جائیں اوراس کاکرایہ متعلقہ بلدیہ کے اکاؤنٹ میں جمع کرایا جائے توتجاوزات کامسئلہ بھی کم ہوجائے گا اورعوام کاروزگاربھی متاثرنہیں ہوگا۔کرایہ کم رکھاجائے تاکہ تین چارسوروپے روزانہ کمانے والابھی آسانی سے ادا کرسکے۔
siddiqueprihar@gmail.com