اسلام آباد: قائداعظم یونیورسٹی میں سرائیکی سٹوڈنٹ کونسل کے زیر اہتمام ’’پنجاب میں نئے صوبے کی تخلیق: وفاقی جمہوریت اور جماعتی سیاست کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلباء، اسکالرز، معروف سیاسی رہنماؤں، دانشوروں اور سیاسی کارکنوں نے پنجاب میں سرائیکی صوبے کی تخلیق کے طویل عرصے سے چلے آنے والے مطالبے پر بحث کی۔
اس تقریب کا مقصد اس مطالبے کے آئینی اور تاریخی پہلوؤں کا جائزہ لینااور پاکستان میں وفاقیت اور اختیارات کی منتقلی پر سیاسی جماعتوں کے کردار پر بات چیت کرنا تھا۔
سیمینار میں یہ قرارداد منظور کی گئی کہ سینیٹ کی قانون و انصاف کی قائمہ کمیٹی آئینی ترمیمی بل کو کلیئر کرے اور قومی اسمبلی میں ووٹنگ کے لیے پیش کرے۔
سیمینار کا آغاز نئے صوبے کی تخلیق کے لیے ضروری آئینی اور پارلیمانی طریقہ کار پر مفصل بحث سے ہوا۔
سابق سینیٹرفرحت اللہ بابر نے کہا کہ سرائیکی صوبے کی تخلیق پاکستان میں جمہوریت کو مضبوط کرنے سے جڑا ہوا ہے۔
انہوں نے پی پی پی کی جانب سے اس حوالے سے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں تفصیل سے بتایا جن میں نئے صوبے کے قیام کے لیے ایک کمیشن کی تشکیل بھی شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی پی پی نے سینیٹ میں سرائیکی صوبے کے قیام کے حق میں ایک بل منظور کرایا جو پارٹی کی علاقے کے مسائل کو حل کرنے کے عزم کا مظہر ہے۔
تاہم، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ قیام پاکستان کے بعد اس مسئلے کو اکثر سیاست دانوں نے آلہ کے طور پر استعمال کیا ہے۔ انہوں نے 2018 کے انتخابات کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت جنوب پنجاب صوبہ محاذ کو ایک خاص سیاسی جماعت میں ضم کرنے کے لیے تشکیل دیا گیا تھا جسے اسٹیبلشمنٹ نے پسند کیا تھا۔
سرائیکی صوبے کا مطالبہ صرف علاقائی نہیں، بلکہ قومی مسئلہ ہے۔ یہ اس بات کو یقینی بنانے کے بارے میں ہے کہ جمہوریت اور وفاقیت ایک ساتھ کام کریں تاکہ پسماندہ علاقوں کے مسائل کو حل کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا اس کے بعد بحث سرائیکی علاقے کی اقتصادی اور ثقافتی استحصال پر مرکوز ہوئی۔لیہ کے ایم این اے محمد اویس جکھڑ نے کہا کہ نیشنل فنانس کمیشن ایوارڈز کے باوجود علاقے کو اس کے وسائل کا مناسب حصہ نہیں مل رہا۔ ہمارے پاس مناسب یونیورسٹیاں، اسپتال اور بنیادی ڈھانچہ نہیں ہیں۔ سرائیکی علاقے کو بہت طویل عرصے سے نظرانداز کیا گیا ہے اور اب یہ تبدیلی لانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ نئے صوبے کی تخلیق سے وسائل کی منصفانہ تقسیم اور علاقے کے لوگوں کی بہتر نمائندگی کو یقینی بنایا جائے گا۔بھکر سے سابق ایم این اےڈاکٹر محمد افضل ڈھانڈلہ نے نئے صوبوں کی تخلیق میں تاریخی، لسانی اور ثقافتی عوامل کی اہمیت پر زور دیا۔