لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہفریڈم فائٹر اور دہشتگردوں میں زمین آسمان کا فرق ہے،امریکہ آزادی کےلئے جدوجہد کرنے والوں دہشتگرد قرار دے رہا ہے ،امریکی لابی بھارت کی زبان بول رہی ہے،کشمیریوں کو کسی ایوارڈ کی ضرورت نہیں،میں نے ایک مجاہد سے نہیں ’’تحریک ‘‘ سے شادی کی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ممتاز کشمیری لیڈر یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے لاہور پریس کلب کا دورہ کیا اور پروگرام’’ میٹ دی پریس‘‘ میں میڈیا سے گفتگو کی، اس موقع پر پریس کلب کے صدر اعظم چوہدری ، جوائنٹ سیکرٹری سالک نواز، ممبر گورننگ باڈی شاہنواز رانا، رکن آزاد کشمیر اسمبلی غلام محی الدین دیوان سمیت سینئر صحافی شریک ہوئے۔ صدر کلب اعظم چوہدری نے مشعال ملک کو پریس کلب میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک قومی مسئلہ ہے ، بھارت کشمیر میں ظلم و بربریت کی داستان رقم کر رہاہے،صحافی برادری آزادی کشمیر کی تحریک میں نئے انداز میں شامل ہوکر شانہ بشانہ ساتھ ہوں گے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا ہے کہ فریڈم فائٹر اور دہشتگردوں میں زمین آسمان کا فرق ہے،امریکہ آزادی کےلئے جدوجہد کرنے والوں دہشتگرد قرار دے رہا ہے ،امریکی لابی بھارت کی زبان بول رہی ہے،کشمیریوں کو کسی ایوارڈ کی ضرورت نہیں ہے،کشمیر کا آخری بچہ بھی آزادی کےلئے جدوجہد کرے گا،پاکستان میں ”فری کشمیر“ مہم کا آغاز کردیا ہے اب ہر پاکستان کشمیر کا سفیر بن جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کشمیر میں سکول و کالجز میں ایسا ہولناک اور وحشت ناک تشدد کرتا ہے کہ روح کانپ جاتی ہے ،مقبوضہ وادی میں تو قصائی کی دکانیں کھلی ہیں،کشمیر کی امیدیں پاکستان سے ہیں ۔مشعال ملک کا کہنا تھا کہ امریکہ کیسے کہہ سکتا ہے کہ فریڈم فائٹر اور دہشت گرد ایک ہیں؟ فریڈم فائٹر اور دہشت گرد میں زمین آسمان کا فرق ہے ،یہ لوگوں کی لاشوں پر بزنس کرتے ہیں ان کو کشمیر میں دہشت گردی نظر نہیں آتی ؟ امریکہ اپنے اصولوں کے خلاف جارہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح تو بھگت سنگھ بھی دہشت گرد ہوا،ایک مجاہد سے شادی نہیں کی بلکہ میں نے تحریک سے شادی کی ہے، یاسین صاحب پر بھی بہت برا تشدد ہوا ہے ،والدہ نے کہا کہ جب تک آزادی کے لیے خواتین باہر نکلتی ہیں تو پھر آزادی ملتی ہے،ہماری کشمیر کی خواتین باہر بھی نکلتی ہیں کیونکہ ہمارے مرد شہید ہو چکے ہیں یا مسنگ ہیں،میں اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں کہ آپ سب میرے ساتھ ہیں ،ہر طبقے کے لوگوں کی دعائیں میرے ساتھ ہیں ،آپ سب لوگوں نے مل کر اپنی بہن کا ساتھ دینا ہے ،یہ کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان سی پیک خراب کرنا چاہتا ہے ،کشمیری قوم جو قربانیاں دے رہی ہے وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان ان کی آواز بنے ،دنیا میں مثال نہیں کہ بھارت اتنی بڑی دہشت گردی کر رہا ہے۔ پروگرام کے اختتام پر صدر اعظم چوہدری نے معزز مہمان کی کلب آمد پر انکا شکریہ ادا کیا اور انہیں پھول پیش کئے۔