فتح پور(صبح پا کستان)ایم ایم روڈ پر گزشتہ چند برس کے دوراں ٹریفک کے بہاؤ میں کئی گنا اضافے سے خوفناک حادثات کی شرح بے حد بڑھ گئی ہے،حکومت فوری طور پر اس سڑک کو دو رویہ کرکے ون وے بنائے،ریسکیو 1122کے سب یونٹس بھی برلب سڑک ہوں اور ٹریفک شعور بیدار کرنے کی بھی خصوصی مہم چلائی جائے،ان خیالات کا اظہار مختلف طبقہ فکر کے سیاسی،سماجی و کاروباری افراد نے ایک موبائل سروے میں کیا،سا بق چیئرمین بلدیہ فتح پور ملک رمضان کھنڈ،چوہدری افتخار احمد کاہلوں اور پیر الفت شاہ نے کہا کہ ایم ایم روڈ سے پشاور تا کراچی ہیوی ٹریفک گزرتی ہے اور ٹریفک حادثات میں سالانہ درجنوں اموات،سینکڑوں لوگ زخمی ہو کر معذور ہو رہے ہیں، حکومت اس سڑک کوفوری ون وے کرے۔حاجی چوہدری عبد الستار،چوہدری سجاد ناگرہ اور با با ندیم نے کہا کہ ایم ایم روڈ کو ملتان سے میانوالی تک دورویہ کرنے کے ساتھ ساتھ اس سڑک پر ہر پچیس سے تیس کلو میٹر کے فاصلے پر ریسکیو 1122کے سب یونٹس بھی ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے قائم کرنا ضروری ہیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔ ملک علی حیدر اسراء،چوہدری بلال گورایہ اورچوہدری وقار نے کہا کہ لوگوں میں محتاط ڈرائیونگ اور ٹریفک کاشعور بیدار کرنے کیلئے روایتی انداز سے ہٹ کر خصوصی آگاہی مہم بھی چلائی جا ئے تاکہ لوگ خوفناک حادثات سے بچ سکیں۔