پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)عید میلادالنبی کے موقع پر دہشت گردوں نے پشاور زرعی ڈائریکٹوریٹ پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں9افراد شہید جبکہ پاک فوج کے 2جوانوں سمیت34افراد زخمی ہوگئے ۔پاک فوج نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے تمام دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ۔صبح 8بجکر 15منٹ کے قریب نامعلوم نقاب دہشت گرد فائرنگ کے بعد ڈائریکٹوریٹ کی عمارت کے اندر جاگھسے جہاںانہوں نے نہتے لوگوں پر فائرنگ کردی ۔انتظامیہ کےمطابق حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں6 اور خیر ٹیچنگ ہسپتال میں 3 لاشیں لائی گئیں۔
سیکیورٹی فورسز اور پاک فوج کے دستوں نے موقع پر پہنچ کر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی شروع کی تو ہاسٹل کے اندر سے ایک زوردار دھماکہ بھی سنا گیا۔سیکیورٹی فورسز کا حملہ آوروں کیساتھ فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جبکہ اس دوران گن شپ ہیلی کاپٹروں سے آپریشن کی فضائی نگرانی بھی کی ۔ کچھ دیر بعد پاک فو ج کے ترجمان ادارے نے خوشخبری سناتے ہوئے بتا یا کہ سیکیورٹی فورسز نے تمام دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے ۔انہوں نے بتا یا کہ پشاور زرعی ڈائریکٹوریٹ پر 4دہشت گردوں نے حملہ کیا جنہیں پاک فوج کے جوانوں نے آپریشن کر کے ہلاک کردیا ۔تمام دہشت گردوں نے خود کش جیکٹس پہن رکھی تھیں اور وہ زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچانے کے ارادے سے پشاور زرعی ڈائر یکٹوریٹ میں داخل ہوئے تھے ۔آپریشن کے دوران پاک فوج کے بھی دو جوان زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔
source..
http://dailypakistan.com.pk/national/01-Dec-2017/688316