گلگت ۔ گلگت کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان (جی بی) خالد خورشید کو 34 سال قید کی سزا سنادی۔
تفصیلات کے مطابق گلگت کی انسداد دہشت گردی عدالت میں سابق وزیر اعلیٰ جی بی کے خلاف سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے کیس کی سماعت ہوئی۔عدالت نے جرم ثابت ہونے پر سابق وزیر اعلیٰ کو 34 سال قیدکی سزا سنائی، عدالت نے خالد خورشید پر 6 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔
عدالت نے آئی جی پولیس کو حکم دیا کہ مجرم کو گرفتار کرکے جیل منتقل کیا جائے، اس کے علاوہ مجرم کا شناختی کارڈ بلاک کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔
واضح رہےکہ سابق وزیراعلیٰ پر 26 مئی 2024 کو جلسے میں سکیورٹی اداروں کو سنگین نتائج کی دھمکی دینے کا الزام تھا۔اس کے علاوہ خالد خورشید پر چیف سیکرٹری اور چیف الیکشن کمشنر جی بی کوبھی سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کا الزام تھا۔
ان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت سٹی تھانہ گلگت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔خیال رہے کہ خالد خورشید مقدمے کی کارروائی سے غیر حاضر اور روپوش رہے۔