دی ہیگ . عالمی عدالت میں انصاف میں کلبھوشن یادیو کیخلاف کیس کی سماعت جاری ہے اور پاکستان دلائل جاری رکھے ہوئے ہے تاہم آئی سی جے نے پاکستان کی ایڈہاک جج کی تبدیلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے ۔
اٹارنی جنرل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اب تک دہشتگردی سے 130 ارب ڈالر کا نقصان ہو اہے ، بھارت دہشتگردی کے ذریعے ہمسایوں کو غیر مستحکم کر رہاہے ، پاکستان کو بھارت کی دہشتگردی سے بہت نقصان ہوا۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ را ایجنٹ کلبھوشن بلوچستان اور سندھ میں دہشتگردی کر تا رہاہے ، بھارت اینٹی پاکستان ملیشیاکی فنڈنگ اورتربیت کررہاہے، بھارت افغان سرزمین پاکستان کےخلاف استعمال کررہاہے۔
اٹارنی جنرل انور منصور نے کہا کہ آرمی پبلک سکول پشاور حملے میں بھارت براہ راست ملوث تھا ، آرمی پبلک سکول حملے میں 140 بچوں کو شہید کیا گیا ہے، بھارت سی پیک کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے ، کلھبوشن کی کارروائیاں بھارتی ریاستی دہشتگردی تھیں ۔
انہوں نے کہا کہ خود کش حملہ آوروں نے پاکستان میں سینکڑوں افرا د کو نشانہ بنایا ، بھارت افغان سرزمین کو پاکستان کیخلاف استعمال کر رہا ہے ۔
اٹارنی جنرل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کلبھوشن کی اہلخانہ سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ملاقات کروائی ، بھارت اپنی ایسی کوئی مثال دکھا دے ۔