لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف نے عاطف میاں کو معاشی کونسل سے علیحدہ کرنے کا فیصلہ کر لیاہے جس کا اعلان پی ٹی آئی رہنما جاوید خان نے سوشل میڈیا کے ذریعے کیاہے تاہم اب اس کی اندرونی کہانی منظر عام پر آ گئی ہے ۔
عاطف میاں کی مشاورتی کونسل میں شمولیت کے معاملے پر تحریک انصاف نے حتمی فیصلہ سنادیا اور بتایا ہے کہ عاطف میاں کو مشاورتی کونسل سے الگ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جبکہ ان کی جگہ پر متبادل نئے نام کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید خان نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ایک ٹوئیٹ میں لکھا کہ ’’ عاطف میاں سے مستعفی ہونے کو کہا تھا اور وہ رضامند ہوگئے ہیں ، متبادل کا اعلان بعد میں ہوگا‘‘َ۔
یادرہے کہ عاطف میاں کی اقتصادی مشاورتی کونسل میں شمولیت کے معاملے پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی جارہی تھی ۔
نجی ٹی وی اے آر وائے نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزیر مذہبی امور نورالحق سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ان سے عاطف میاں کے معاملے پر رائے طلب کی جبکہ عمران خان نے گزشتہ روز بابر اعوان اور اسد عمر سے بھی مشاورت کی تھی اور مشاورت کے بعد عاطف میاں سے بات کی گئی ۔ عاطف میاں نے عہدے سے ہٹنے پر رضامند ی کا اظہار کر دیا تھا جس کے بعد گزشتہ روز ہی عاطف میاں کو تبدیل کر نے کا فیصلہ کر لیا گیا تھا ۔
آج پی ٹی آئی رہنما جاوید خان نے ٹویٹر پر جاری پیغام میں کہا تھا کہ ”عاطف میاں سے مستعفی ہونے کو کہا تھا اور وہ رضامند ہوگئے ہیں ، متبادل کا اعلان بعد میں ہوگا“َ۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی سوشل میڈیا ٹیم کے اہم رکن اور معروف سوشل میڈیا ایکٹوسٹ ڈاکٹر فرحان ورک نے دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان نے عاطف میاں کو اقتصادی کونسل سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے، ان کا نام وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کونسل میں ڈالا تھا۔