لیہ( صبح پاکستان )ضلع لیہ میں یومِ عاشور انتہائی عقیدت واحترام سے منایا گیا۔یومِ عاشور کے موقع پرضلع بھر میں مختلف مقامات سے مجموعی طور پر 92 جلوس ہائے عزاداری/ تعزیہ برآمد ہوئے اور مقررہ روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اپنے مقامات پر پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئے۔ یومِ عاشور کے روز ضلع بھر کے مختلف مقامات پر مجموعی طور پر 204 مجالس عزاء بھی منعقد ہوئیں۔ شب سات بجے تک تمام ماتمی / عزاداری / تعزیہ جلوس اور بیشتر مجالس اختتام پذیر ہو چکی ہیں۔
ضلع لیہ میں یومِ عاشورکے پرامن انعقاداور استقرار امن کیلئے ضلعی انتظامیہ اور لیہ پولیس نے سخت سیکورٹی وسیفٹی انتظامات کئے تھے۔ ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کے علاوہ اہم مجالس اور جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمرہ، ڈرون کیمرہ اور ویڈیوریکارڈنگ کے ذریعہ باقاعدہ مانیٹرنگ کی گئی۔ ڈی سی اور ڈی پی او آفس میں خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کئے گئے تھے جبکہ شہر میں سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت سی سی ٹی وی کیمرہ جات کے ذریعہ مرکزی جلو س اور مجالس کی مانیٹرنگ کی گئی۔مزید براں ڈی سی، ڈی پی او، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی ، ضلعی و تحصیل انتظامیہ اور پولیس کے افسران نے ضلع کے مختلف علاقوں میں عزاداری جلوسوں اور مجالس کے انتظامات کا موقع پر پہنچ کر جائز ہ لیا اورانتظامات وسیکورٹی کا معائنہ کیا۔ضلعی ومقامی امن کمیٹیوں کےممبران بھی جلوسوں اورمجالس کے دوران موقع پر موجود رہے۔ یومِ عاشور کے روز ضلع بھر میں موبائل سروس بندرہی۔ مجموعی طور پر ضلع بھر میں یوم عاشور کے موقع پر مکمل امن و امان رہا اور تمام مکاتب فکر نے مثالی ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے ہوۓ حسبِ روایت ضلعی انتظامیہ، پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے بھر پور تعاون کیا۔ضلع بھر میں کہیں پر بھی کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا۔