لیہ( صبح پا کستان )ڈپٹی کمشنر اظفر ضیاءنے کہا ہے کہ ضلع میں کورونا وائرس کا کوئی مقامی کیس نہیں ہے ۔
انسداد کورونا کے لئے حکومتی احکاما ت پر عملدرآمد کرتے ہوے4قرنطینہ مرکز قائم کردیے گئے ہیں ۔ڈپٹی کمشنر نے بتایاکہ ملتان قرنطینہ سنٹرمیں 14دن قیام کرنے کے بعد آنے والے 64افراد کو بی زیڈیو قرنطینہ مرکز سے ان کے گھروں کو روانہ کردیاگیا ہے جہاں وہ احتیاطی طورپرمزید 14دن قرنطینہ میں رہیں گے ۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ تحصیل لیہ میں 2،جبکہ تحصیل چوبارہ اور کروڑ میں ایک ،ایک قرنطینہ مرکز بنایاگیا ہے جہاں پر تمام ضروری اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں ۔ڈپٹی کمشنرنے بتایا کہ بی زیڈیو کیمپس میں 66،جی سی کیمپس میں 30جبکہ تحصیل چوبارہ اور کروڑ میں تیس ،تیس بستر پرمشتمل قرنطینہ مراکز قائم کیے جاچکے ہیں جبکہ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر ز کی زیر نگرانی تمام دفاتر اور دیگر جگہوں پر جراثیم کش محلول کے سپرے کاعمل جاری ہے ۔انہوں نے اپنے پیغام میں عوام سے کہا ہے کہ کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام احتیاطی تدابیرپرسختی سے عمل کریں اور بلاضرورت گھروں سے نہ نکلیں تاکہ ضلع کو کورونا فری رکھاجاسکے۔