ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان)صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازیخان کا اچانک دورہ کیا.
گائنی، برن یونٹ، پلاسٹک سرجری او ردیگر وارڈز کا معائنہ کرتے ہوئے مریضوں کی عیادت اور انہیں فراہم طبی سہولیات کا جائزہ لیا. سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ نادر چٹھہ،ایم پی اے ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ، پرنسپل میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر آصف قریشی، ایم ایس ڈاکٹر شاہد حسین مگسی، ایس ای بلڈنگز حافظ جاوید اقبال، ایکسیئن ہمایوں مسرور، ڈاکٹر رضوان، ڈاکٹر عثمان، ڈاکٹر خالد تحسین، پرنسپل نرسنگ سکول کلثوم بی بی او ردیگر ہمراہ تھے. صوبائی وزیر نے ٹیچنگ ہسپتال کی زیر تعمیر مسنگ سپیشلٹیز کی تین منزلہ عمارت کو مکمل طو رپر فنکشنل کرنے کیلئے ایک ماہ کا وقت دیا. منصوبے پر ایک ارب 92کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ کی جارہی ہے صوبائی وزیر صحت نے وارڈ سطح پر چھ کمیٹیاں تشکیل دے دیں جو 48گھنٹوں کے اندر نئے بلاک کے تمام کمرو ں، دیواروں اور تعمیراتی کام کی خامیوں کی نشاندہی اور سفارشات پیش کریں گی.
صوبائی وزیر نے نئی تعمیر شدہ عمارت میں سیم نظر آنے اور فنشنگ کوالٹی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے خامیاں دور کرنے کیلئے 15فروری تک کی ڈیڈ لائن دی. انہوں نے گائنی وارڈ کے لیبر روم میں گنجائش نہ ہونے پر مزید دو لیبر روم تعمیر کرنے اور نئے بلاک میں فیملی ہیلتھ کلینک کے شعبہ کیلئے بھی کمرے مختص کرنے کی ہدایت کی. صوبائی وزیر نے ہسپتال میں سنٹرل آئی سی یو کا بھی افتتاح کیا اور فراہم طبی سہولیات کا جائزہ لیا. انہوں نے ٹیچنگ ہسپتال میں چارسو بیڈ کی گنجائش کے حامل گائنی وارڈ کی تعمیر کے بھی احکامات جاری کیے. پہلے مرحلے میں 250بیڈ کا گائنی وارڈتعمیر کیا جائے گامنصوبے پر دو ارب روپے کا تخمینہ لگایاگیاہے. ہسپتال میں دو سو بیڈ کاحامل ایمرجنسی اور او پی ڈی بلاک بھی تعمیر ہو گا جس پر ساڑھے چار ارب روپے کا تخمینہ لگایاگیا ہے.صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد نے چار لفٹ بند ہونے پر رپورٹ طلب کر لی. انہوں نے مریض کے لواحق کی طرف سے باہر کی ادویات خریدنے کی شکایت پر انکوائری رپورٹ طلب کر لی. صوبائی وزیر نے گائنی بلاک میں داخل مریضوں کے لواحقین کیلئے مزیدبنچز نصب کرنے کے بھی احکامات جاری کیے.
صوبائی وزیر نے ایم پی اے ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ کو ترغیب دی کی کہ وہ ہفتہ میں دو بار ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کر کے مریضوں کے لواحقین کو ہیلتھ ایجوکیشن پر لیکچر دیں. میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے شعبہ صحت میں 26ہزار نئے ملازم بھرتی کیے اور مزید دس ہزار آسامیوں پر بھرتی کیلئے پبلک سروس کمیشن اور این ٹی ایس کے ذریعے کام جاری ہے. انہوں نے بتایا کہ صوبہ کے 33اضلاع میں صحت کارڈ جاری کر دیئے گئے ہیں باقی تین اضلاع میں کام کیا جارہاہے.انہوں نے کہاکہ آج کے دورہ کا مقصد کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کی جگہ کا معائنہ اور ٹیچنگ ہسپتال میں فراہم سہولیات کا جائز ہ لینا ہے. دریں اثنا صوبائی وزیر نے ٹیچنگ ہسپتال کے اندر متعلقہ افسران کا اجلاس طلب کر کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے باقاعدہ ٹائم لائن طے کی. انہوں نے کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کیلئے پرانی سبزی منڈی کی جگہ کا بھی معائنہ کیا.