اسلام آباد ۔ سینئر صحافی و اینکر پرسن حامد میر کا کہنا ہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کی سمری پر دستخط کردیے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے بھارت کے ساتھ جاری کشیدگی کو مد نظر رکھتے ہوئے افواہوں کے خاتمے کیلئے وقت سے پہلے ہی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کا اعلان کردیا تھا۔ وزیر اعظم نے 19 اگست کو ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے اعلان کیا تھا کہ اگلے تین سال تک بھی جنرل قمر جاوید باجوہ ہی آرمی چیف ہوں گے۔
وزیر اعظم کے اعلان کے باوجود یہ افواہیں زیر گردش تھیں کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کیلئے باضابطہ طریقہ کار اختیار نہیں کیا گیا۔ ان افواہوں کو اس وقت تقویت ملی تھی جب صدر مملکت عارف علوی نے 12 ستمبر کو عاصمہ شیرازی کو دیے گئے انٹرویو میں یہ کہا تھا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت کی سمری انہیں نہیں ملی اور جب وزیر اعظم سمری بھجوادیں گے تو وہ اس پر دستخط کردیں گے۔
آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے زیر گردش افواہوں کے حوالے سے سینئر صحافی حامد میر کا کہنا ہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کی سمری پر دستخط کردیے ہیں۔ انہوں نے اپنے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کل آرمی چیف کی مدت ملازمت کے حوالے سے بہت سی چہ میگوئیاں سنی جارہی ہیں، اس کی وجہ ستمبر کے مہینے میں دیا گیا عارف علوی کا انٹرویو ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ جب وزیر اعظم انہیں سمری بھجوائیں گے تو وہ دستخط کردیں گے۔
حامد میر نے واضح کیا کہ صدر مملکت عارف علوی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کی سمری پر دستخط کرچکے ہیں، اس سلسلے میں چہ میگوئیاں بے بنیاد ہیں۔