شوال کا چاند نظر آ گیا ۔ کل 5 جون 2019 بروز بدھ عید الفطر ہو گی
ایکسپریس نیوز کے مطا بق شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مفتی منیب الرحمان کی سربراہی میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوا، جس میں محکمہ موسمیات کے افسران، ماہرین فلکیات اور دیگر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام بھی شریک تھے۔
اس کے علاوہ چاند دیکھنے کے لیے ملک کے دیگر شہروں میں زونل اور صوبائی کمیٹیوں کے بھی اجلاس بھی ہوئے جس میں ملک کے مختلف حصوں سے شوال کے چاند سے متعلق جمع ہونے والی شہادتوں کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی اور زونل کمیٹیاں موصول ہونے والی شہادتوں کے حوالے سے مرکزی کمیٹی کو آگاہ کیا جس کے بعد کراچی میں موجود مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے جائزہ لیا اور شوال المکرم کا چاند کا حتمی اعلان مفتی منیب الرحمان نے کیا۔
اس موقع پر مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا کہ پشاور میں ملک کے ساتھ عید نہ منانا آج کی بات نہیں بلکہ یہ سلسلہ قیام پاکستان سے چلا آرہا ہے، لیکن جس جماعت کی وفاق میں حکومت ہے اس کا صوبائی سطح پر انحراف حیران کن ہے، کچھ وزراء حکومت اورعلماء کے درمیان خلیج پیدا کرنا چاہتے ہیں، لیکن حکومت سے کسی قسم کی محاذ آرائی نہیں چاہتے، سرکاری منصب پرفائز افراد کو اپنے منصب کی پاسداری کرنی چاہئے، آئین کی جو بھی ترمیم ہو وہ سب دین کے تابع ہے، جوملک دین کے نام پر حاصل کیا گیا وہاں دین ہی غالب رہے گا۔
مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ وزیراعلٰی خیبرپختون خوا کو بتانا چاہتا ہوں کہ پشاور میں بعض مقامات، کوئٹہ سمیت کے پی کے دیگرعلاقوں بشمول سوات میں وزیراعلیٰ کے آبائی ضلع میں بھی عید کل ہوگی، اگر کسی کو کوئی غلط فہمی ہے تو ہم بتا دیں گے، ہم سروں کی گنتی نہیں کرائیں گے، تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کو ایک جگہ جمع کریں گے جن کا اعتماد مرکزی رویت ہلال کمیٹی پر ہے، اور تمام مرکزی ممبران کا مجھ پر مکمل اعتماد ہے۔
واضح رہے کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے قمری کیلنڈر جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق ملک بھر میں 29 روزے اور 5 جون بروز بدھ کو عیدالفطر منائی جائے گی جب کہ محکمہ موسمیات کا بھی کہنا تھا کہ آج شوال کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے۔
دوسری جانب صوبہ خیبر پختونخوا میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے گذشتہ روز چاند کا اعلان کردیا تھا جس کے بعد وہاں آج سرکاری سطح پر عید الفطر منائی گئی۔