اسلام آباد: سینیٹ الیکشن 2021 کے لیے الیکشن کمیشن میں امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں جمع کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
کاغذات نامزدگی 13 فروری تک جمع کرائے جائیں گے اور نامزد امیدواروں کی ابتدائی فہرست 14 فروری کو جاری کی جائے گی۔ امیدواروں کی حتمی فہرست 23 فروری کو آویزاں کی جائے گی۔ سینیٹ انتخابات کے لیے پولنگ قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں تین مارچ کو ہوگی جس کے لیے الیکشن کمیشن نے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں سینیٹر بننے کے خواہشمند افراد کی لسٹ پر مشاورت کا عمل مکمل کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد سے حفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد تحریک انصاف کی امیدوار ہونگی۔ پنجاب سےسیف اللہ نیازی، ڈاکٹر زرقا اور بیرسٹر علی ظفر امیدوار ہوں گے۔ خیبر پختونخواہ سے شبلی فراز، محسن عزیز، دوست محمد، ثانیہ نشتر کا نام حتمی فہرست میں شامل ہے۔
جمعیت علماءاسلام نے خیبرپختونخوا سے 5 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جنرل نشستوں کے لیے صوبائی امیر مولاناعطاءالرحمٰن،طارق خٹک اورحاجی زبیر علی کاغذات جمع کرائیں گے۔ خواتین کی نشست کے لیے ایم پی اے نعیمہ کشور جبکہ اقلیتی نشست پر ایم پی اے سرداررنجیت سنگھ امیدوار ہونگے۔ پی ڈی ایم کا صوبائی سربراہی اجلاس 15 فروری کو ہوگا جس میں متفقہ امیدواروں کا فیصلہ بھی کیا جاسکتا ہے۔
ادھر مسلم لیگ ق کی جانب سے کامل علی آغا نے الیکشن کمیشن میں کاغذات نامزدگی جمع کروادیے ہیں۔
پیپلزپارٹی پارلیمانی بورڈ نے بھی امیدواروں کی منظوری دیدی ہے اور آئندہ مدت کےلیے بھی شیری رحمان اور سلیم مانڈوی والا کے ناموں کو حتمی شکل دیدی گئی۔
کریم خواجہ اور تاج حیدر ٹیکنوکریٹ نشست پر کاغذات جمع کرائیں گے۔ خیر النسا مغل، پلوشہ خان خواتین نشستوں پر جبکہ صادق علی میمن اور جام مہتاب ڈہر جنرل نشست پر پیپلزپارٹی کے امیدوار ہونگے۔ سابق وزیر داخلہ رحمن ملک اور اسلام الدین شیخ کو ٹکٹ نہیں مل سکا۔ دونوں رواں سال سینیٹ سے ریٹائر ہورہے ہیں۔ پیپلزپارٹی نے پنجاب سے راجہ عظیم الحق کو نامزد کیا ہے۔