اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کالاباغ ڈیم کی تعمیر کیلئے ریفرنڈم کرانے سے متعلق دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی ہے۔
سپریم کورٹ کی جانب سے آئندہ ہفتے کی کاز لسٹ جاری کردی گئی ہے جس کے مطابق پاکستان کے متنازعہ ترین پانی ذخیرہ کرنے کے منصوبے کالاباغ کی تعمیر کیلئے ریفرنڈم کے حوالے سے دائر درخواست بھی سماعت کیلئے مقرر کردی گئی ہے۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں قائم بینچ 2 اپریل کو کالاباغ ریفرنڈم کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت کرے گا۔
واضح رہے کہ میانوالی کے علاقے کالاباغ میں ڈیم تعمیر کرنے کا منصوبہ 1953 سے زیر غور ہے، یہ پاکستان کی تاریخ کے متنازعہ ترین منصوبوں میں سے ایک ہے جس پر چاروں صوبوں کا اپنا اپنا موقف ہے، پنجاب کے علاوہ باقی تینوں صوبے اس ڈیم کی تعمیر کے سخت مخالف ہیں۔ 2005 میںسابق صدر پرویز مشرف نے کالاباغ ڈیم کی تعمیر کا اعلان کیا لیکن سیاسی مخالفت کے باعث وہ اس منصوبے پر کام شروع نہ کراسکے جس کے بعد 2008 میں اس وقت کے وزیر پانی و بجلی راجہ پرویز اشرف نے اس منصوبے کو ناقابل عمل قرار دے دیا تھا۔