لاہور ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت اتحاد بین المسلمین کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام مکاتب فکر کے علماء، مشائخ عظام اور علمی و دینی شخصیات نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ علماء کرام اور مشائخ عظام نے ہر موقع پر قوم کی رہنمائی کی ہے، بھائی چارے، مذہبی رواداری کے فروغ میں علماء کرام کا کردار لائق تحسین ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سب کو ایک دوسرے کے مذہبی جذبات کا احترام کرنا چاہیے، مذہبی ہم آہنگی، پر امن فضا کو یقینی بنانے کیلئے سب کو مثبت کردار ادا کرنا ہے، رواداری کی فضا قائم کرکے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانا ہوگا۔
مولانا طاہر اشرفی کا اس سلسلے میں کہنا تھا کہ علماء کرام سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں پر کڑی نظر رکھیں۔ علاوہ ازیں علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ حکومت کے ساتھ تعاون کو اپنا قومی فرض سمجھتے ہیں۔ مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ مشائخ اور علماء کا کردار دلوں کو توڑنا نہیں، جوڑنا ہے۔