اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں نامزد سابق وزیراعظم نواز شریف اور شہباز شریف سمیت 146 افراد کو نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کی درخواست پر سپریم کورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر لارجر بینچ تشکیل دے دیا ہے، چیف جسٹس کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ کیس کی سماعت آج کرے گا۔ لارجز بینچ میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے علاوہ جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس عظمت سعید، جسٹس فیصل عرب اور مظہر عالم میاں خیل شامل ہیں۔
سپریم کورٹ نے نوازشریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز، رانا ثناء اللہ، چوہدری نثار، خواجہ آصف، پرویز رشید، عابد شیر علی اور اٹارنی جنرل سمیت 146 افراد کو نوٹس جاری کردیئے ہیں، جب کہ کیس کے مدعی عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری بھی سماعت کے لئے سپریم کورٹ میں پیش ہوں گے۔
واضح رہے کہ 17 جون 2014 کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی رہائش گاہ کے باہر قائم تجاوزات کے خاتمے کے لیے پولیس کی جانب سے آپریشن کیا گیا جس کے دوران مزاحمت پر پولیس کی فائرنگ سے 14 افراد جاں بحق اوردرجنوں زخمی ہوگئے تھے۔