لاہور: مسلم لیگ (ق) کی سابق رکن صوبائی اسمبلی پروین سکندر کا قاتل مبینہ طور پر ان کا ذاتی ملازم ہی نکلا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ق) کی سابق رکن پنجاب اسمبلی پروین سکندر کے قتل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، اور مبینہ طور پر سابق ایم پی اے کے قتل میں ان کا اپنا ہی پرانا ملازم ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مصطفیٰ نامی ملزم چوری کی غرض سے پروین سکندر کے گھر داخل ہوا لیکن مقتولہ نے ملزم کو دیکھ لیا، جس پر ملزم نے اپنے بچاؤ اور پیسوں کی لالچ میں پروین سکندر کو قتل کردیا اور چوری کے بعد باآسانی فرار ہوگیا۔
پولیس نے بتایا ہے کہ قاتل مصطفیٰ کو فنگرپرنٹس کی مدد سے گرفتار کرلیا گیا ہے اور ابتدائی تفتیش میں اس نے اعتراف کیا ہے کہ اسی نے پروین سکندر کو قتل کیا تھا۔
واضح رہے کہ پروین سکندر 2002 سے 2007 تک (ق) لیگ کی مخصوص نشست پر پنجاب اسمبلی کی رکن رہیں، وہ 2001 میں ڈپٹی اسپیکر سٹی ڈسٹرکٹ لاہور بھی رہ چکی ہیں جب کہ وہ پنجاب ویمن ہاکی ایسوسی ایشن کی سیکریٹری بھی تھیں۔ ان کی لاش رواں ماہ لاہور کے علاقے نصیر آباد میں واقع ایک مکان کی اوپری منزل سے ملی تھی۔