اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیرِ خارجہ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ہمارے مفادات روس، چین اور ترکی کے ساتھ تعلقات سے وابستہ ہیں، روس کے ساتھ تعلقات میں بہتری آ چکی ہے جس کے اثرات بہت جلد عوام کو بھی نظر آنا شروع ہوجائیں گے۔
نجی چینل ”دنیانیوز“کے پروگرام”دنیا کامران خان کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہمارے مفادات روس، چین اور ترکی کیساتھ تعلقات سے وابستہ ہیں، اب ہمیں روس کیساتھ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی تمام کوششیں امریکہ کے ساتھ تعلقات بڑھانے پر لگا دیں لیکن وہ کس طرح کا رویہ پاکستان کے ساتھ اپنائے ہوئے ہے، ہم سب اس سے واقف ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہماری روس سے اکنامک کو آپریشن بھی بہتر ہو رہی ہے، روس پاکستان میں توانائی کے شعبوں میں بہتری لانے کا خواہاں ہے، اس کے علاوہ ہمارا روس کے ساتھ دفاع کا معاملہ بھی مضبوط ہوا ہے۔