رحیم یار خان ۔ لاہور اور راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں آگ بھڑک اٹھی۔ آخری اطلاعات کے مطابق تیز گام ایکسپریس میں آتشزدگی کے اس المناک اور افسوسناک واقعہ باعث جان بحق ہو نے والے افراد کی تعداد 74 افراد جب کہ 90 سے زائد زخمی ہوگئےہیں
ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی سے لاہور اور راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں آگ بھڑک اٹھی۔ حادثہ رحیم یار خان میں ٹانوری اسٹیشن چک نمبر 6 چنی گوٹھ کے قریب پیش آیا اور زیادہ تر جاں بحق افراد کا تعلق تبلیغی جماعت سے ہے جو اجتماع میں شرکت کے لیے رائیونڈ جارہے تھے۔
آگ کے شعلوں نے 3 بوگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث 74 افراد آگ سے جھلس کر جاں بحق اور 90 سے زائد افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ متعدد زخمیوں کی حالت نازک ہے۔
ڈپٹی کمشنر جمیل احمد نے بتایا کہ تیز گام ٹرین کی ایئرکنڈیشنڈ اور بزنس کلاس کی تین بوگیوں میں آتشزدگی ہوئی جن میں 209 مسافر سوار تھے، متعدد لاشیں ناقابل شناخت ہوگئی ہیں۔
آگ گیس سلنڈر پھٹنے سے لگی
ریسکیو ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر آگ تبلیغی جماعت کے مسافروں کا گیس سلنڈر پھٹنے سے لگی۔ حادثے کا شکار اکانومی کلاس کی دو بوگیاں امیر حسین اینڈ جماعت کے نام سے بک کی گئی تھیں۔
ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے امدادی آپریشن کیا گیا جس میں پاک فوج کے دستے بھی شریک تھے جبکہ خان پور، لیاقت پور اور ریلوے پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔