کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے ربیع الاول1439ھجری کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا ہے، میلاد النبی ﷺ یکم دسمبر کو منائی جائے گی ،دوسری طرف روزنامہ ’’پاکستان ‘‘ کی انتظامیہ اور سٹاف ممبران کی طرف سے تمام اہل اسلام کو ربیع الاول کا چاند مبارک ہو ۔
تفصیلات کے مطابق ربیع الاول 1439 ھجری کاچاند دیکھنے کیلئے مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں منعقد ہوا۔رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس محکمہ موسمیات یونیورسٹی روڈ جبکہ پاکستان بھر میں صوبائی وضلعی اور زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈکواٹرز پر منعقد ہوئے ، بیشتر علاقوں میں مطلع ابر آلود تھا۔اجلاس کے اختتام پر مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین نے ربیع الاول کا چاند نظر آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ یکم دسمبر بروز جمعتہ المبارک کو منائی جائے گی۔مفتی منیب الرحمن نے تمام مسلمانانِ عالم کو ماہِ ربیع الاول اور عید میلادالنبی ﷺ کی مبارکباد پیش کی اور اُمت ِ مسلمہ اوروطنِ عزیز کی سلامتی اور امن وامان کی بحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
source..
http://dailypakistan.com.pk/national/19-Nov-2017/681203