راجن پور{ صبح پا کستان } وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آج صوبے میں گندم کٹائی مہم 2020 کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ضلع راجن پور کی تحصیل روجھان کے گاؤں مٹوا ہ میں کمبائن ہارویسٹر سے گندم کٹائی مہم کا آغاز کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گندم کٹائی کیلئے ہارویسٹر خود چلایا اور روایتی انداز سے درانتی سے بھی گندم کاٹی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گندم کٹائی کے افتتاح کے بعد مہم کی کامیابی کیلئے دعا مانگی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ رواں برس 45لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ کاشتکاروں سے 1400 روپے فی من کے حساب سے گندم خریدی جائے گی جبکہ گندم خریداری کیلئے گرداوری کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ صوبائی وزراء تفویض کردہ اضلاع میں گندم خریداری مہم کی نگرانی کریں گے۔گندم خریداری مہم کے دوران 15 بین الصوبائی داخلی اور خارجی راستوں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کاشتکار ہمارے محسن ہیں، گندم کے دانے دانے اور کاشتکار کی پائی پائی کا تحفظ کریں گے۔کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے پرائم منسٹر زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت پنجاب میں 300 ارب روپے کے پراجیکٹ لائے جا رہے ہیں۔گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کیلئے ساڑھے 12 ارب روپے کی لاگت سے پراجیکٹ کا آغاز کیا گیا ہے۔رواں برس کاشتکاروں کو تصدیق شدہ بیج کی 4 لاکھ بوریاں رعایتی نرخ پر فراہم کی گئی ہیں جبکہ اگلی فصل کیلئے بیج کی 12 لاکھ بوریاں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فصل بیمہ سکیم کا دائرہ کار بڑھا کر اڑھائی لاکھ کاشتکاروں کی فصل کی انشورنس کی گئی ہے۔کاشتکار کی خوشحالی کیلئے پیداواری لاگت کم کرنا بے حد ضروری ہے۔پیداواری لاگت کم کرنے کیلئے 52 لاکھ کاشتکاروں کو کھادوں کی خریداری پر ساڑھے 8 ارب روپے کی سبسڈی دی ہے۔پانی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے 28 ارب روپے کی لاگت سے پنجاب میں 10 ہزار کھالوں کو پختہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب زرعی ترقی کیلئے مختلف سبزیوں، پھلوں اور اجناس کی 80 نئی اقسام متعارف کرا چکی ہے۔غیر معیاری اور جعلی ادویات و کھادوں کے سدباب کیلئے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم شروع کیا گیا ہے۔ای کریڈٹ سکیم کے تحت کاشتکاروں کو 15 ارب روپے کے بلاسود قرضے دیئے گئے ہیں۔حکومت پنجاب کاشتکاروں کی محنت کی قدردان ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ زراعت میں کمبائن ہارویسٹر جیسی جدید مشینوں کے استعمال سے نہ صرف وقت بلکہ سرمائے کی بھی بچت ہوتی ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال ایک کروڑ 65 لاکھ زیر کاشت رقبے سے ایک کروڑ 90 لاکھ ٹن گندم کی پیداوار حاصل ہونے کی توقع ہے۔ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں گندم خریداری کا ساڑھے6 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد ہدف مقرر کیا گیا ہے۔صوبہ میں غذائی ضروریات پوری کرنے کیلئے 29,800 میٹرک ٹن گندم روزانہ فراہم کی جا رہی ہے جبکہ آٹے کے 11 لاکھ 91 ہزار تھیلے مارکیٹ میں فراہم کئے جا رہے ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ عوام کو آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے فوڈ گرین لائسنس کے بغیر گندم خریداری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور ذاتی استعمال کیلئے ایک ہزار کلو سے زائد نجی طور پر گندم نہیں خریدی جا سکے گی۔ بعدازاں وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے تحصیل روجھان کے گاؤں مٹواہ میں گندم خریداری مرکز کا دورہ بھی کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مٹواہ میں ویٹ پروکیورمنٹ سینٹر کا معائنہ کیا اور کسانوں کیلئے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مرکز پر موجود کسانوں میں خود باردانہ تقسیم کیا۔ کورونا وباء کے باعث مرکز پر خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا کی وباء کے پیش نظر پنجاب حکومت نے گندم خریداری مراکز پر خصوصی انتظامات کئے ہیں۔کاشتکاروں کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے ضروری ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد کیا جائے گا۔ویٹ پروکیورمنٹ سینٹر پر داخلی و خارجی راستے الگ الگ بنائے گئے ہیں جبکہ کاشتکاروں اور عملے کیلئے ہاتھ دھونے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔مٹواہ کی طرح ہر گندم خریداری مرکز پر سینی ٹائزر بھی رکھا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو گندم خریداری کیلئے طریقہ کار کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو راجن پور کے علاقے میں ٹڈی دل کی صورتحال کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال،اراکین اسمبلی، سیکرٹری زراعت اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدارکاڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال راجن پور کا دورہ
وزیراعلیٰ عثمان بزدارکاڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال راجن پور کا دورہ، کورونا سے متاثرہ مریضوں کیلئے طبی سہولتوں کا جائزہ لیا
راجن پور کے دور دراز ضلع میں بھی متاثرہ مریضوں کو معیاری علاج معالجہ فراہم کریں گے: کورونا سے متاثرہ مریضوں کی بہترین دیکھ بھال کی ہدایت، ڈی ایچ کیو ہسپتال راجن پور میں ڈاکٹرز اور عملے کی کمی کو جلد دور کرینگے ڈی ایچ کیو ہسپتال راجن پور کو اپ گریڈ کرنے کیلئے جلد اقدامات کرینگے،کنسلٹنٹ ڈاکٹرز کو بھی ہسپتال میں تعینات کیا جائے گا
فاضل پور، کوٹ مٹھن اور داجل میں دیہی مراکز صحت کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کاد رجہ دینگے،صوبے میں پبلک ہیلتھ ایمرجنسی نافذ ہے
پنجاب میں سب سے زیادہ مریضوں کے ٹیسٹ کئے گئے، روزانہ کی بنیاد پر ٹیسٹ صلاحیت کو چند روز میں 10 ہزار تک لے جائینگے
راجن پور 9اپریل: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آج ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال راجن پور کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہسپتال میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کیلئے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ہسپتال میں مریضوں کیلئے آئسولیشن وارڈز میں فراہم کردہ طبی سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کورونا سے متاثرہ مریضوں کی بہترین دیکھ بھال کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ راجن پور کے دور دراز ضلع میں بھی متاثرہ مریضوں کو معیاری علاج معالجہ فراہم کریں گے۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال راجن پور میں ڈاکٹرز اور عملے کی کمی کو جلد دور کیا جائے گا اور کنسلٹنٹ ڈاکٹرز کو بھی ڈی ایچ کیو ہسپتال میں تعینات کریں گے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال راجن پور کو اپ گریڈ کرنے کیلئے جلد اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ فاضل پور، کوٹ مٹھن اور داجل میں دیہی مراکز صحت کو اپ گریڈ کرکے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کاد رجہ دیں گے جبکہ روجھان کے ہسپتال میں آنکھوں کے علاج معالجے کا وارڈ بنائیں گے۔جام پور اور روجھان کے ہسپتالوں میں گائنی وارڈ بنانے کیلئے فوری اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی حفاظت کیلئے پنجاب میں پبلک ہیلتھ ایمرجنسی کا نفاذ کیا گیا ہے۔ عوام کو کورونا وائرس سے بچانے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھا رہے ہیں۔ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے جاری ہیلتھ ایڈوائزری پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے اور کوروناسے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلے رکھنا بہترین حکمت عملی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب پہلا صوبہ ہے جس نے Punjab Infectious Diseases Prevention & Control Ordinance 2020 نافذ کیا ہے۔10 ہزار ڈاکٹرز،پیرا میڈیکل سٹاف اورہیلتھ پروفیشنلز کی خدمات حاصل کرنے کی اجازت دے دی ہے۔پنجاب میں سب سے زیادہ کورونا مریضوں کے ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت کو چند روز میں 10 ہزار تک لے جائیں گے۔ہماری حکومت نے ریکارڈ مدت میں ایکسپو سینٹر لاہور میں 1000 بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال بنایا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کا بہترین حل گھرو ں میں رہنا ہے۔پنجاب کے ہر ضلع میں جا کر خود متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کیلئے مہیا کردہ سہولتوں کا جائزہ لے رہا ہوں۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال راجن پور میں کورونا کے مریضوں کیلئے 5 آئسولیشن وارڈز بنائے گئے ہیں جبکہ دیگر صوبوں سے راجن پور آنے والے 93 ہزار سے زائد لوگوں کی سکریننگ کی گئی ہے۔