راجن پور( صبح پا کستان ) ڈپٹی کمشنرمحمد افضل ناصر خان کہا ہے کہ ضلع بھر میں اینٹوں کے بھٹوں اور دیگر جگہوں پر جبری اور بچوں سے لی جانے والی مشقت کو کوئی بھی کیس نہ ہونا خوش آئندہے ۔ لیبر ڈیپارٹمنٹ اپنے گذشتہ مقدمات کی پیروی کے لیے محکمہ پولیس اور پراسیکیوشن سے مسلسل رابطہ میں رہے ۔ یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ ویجی لینس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلع بھر میں بھٹوں میں بھوسہ اور کوڑا کرکٹ جلانے پر دفعہ 144کے تحت پابندی ہے ۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے ضلعی آفیسر لیبر شاہد حمید نے بتایا کہ ضلع بھر میں کل 99بھٹے کام کررہے ہیں جبکہ 2016سے اب تک لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں سے 6لاکھ 55ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا ہے ۔ اب تک کل 23مقدمات درج کرائے گئے ہیں جن کی پیروی کی جارہی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر محکمہ پولیس اور پراسیکیوشن سے ہفتہ وار بنیادوں پر رابطہ رکھنے کے لیے لیبر انسپکٹر میاں جہانگیر کو فوکل پرسن نامزد کردیا گیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ تعلیم و لیبر کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ بھٹوں پر کام کرنے والے بچوں کو تعلیم دینے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں اور اس بات کا خصوصی خیال رکھا جائے کہ سکولوں کے تدریسی اوقات میں کوئی بھی بچہ کام کرتا ہوا دکھائی نہ دے ۔ انہوں نے سوشل سیکورٹی کے نمائندہ کو ہدایت کی گذشتہ 5سالوں کی آمدن و سہولیات فراہمی کی تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے اور انڈش شوگر ملز میں موجود سوشل سیکیورٹی ڈسپنسری میں ڈاکٹر کی فور ی تعیناتی کو عمل میں لایا جائے ۔