راجن پور( صبح پا کستان )ڈپٹی کمشنر راجن پور محمد الطاف بلوچ نے کہا ہے کہ دیگر دانش سکولوں کی طرح دانش سکول فاضل پور ایک مثالی درسگاہ ہے۔جس میں غریب اور مستحق طلبا و طالبات کو مفت معیاری تعلیم دی جاتی ہے۔ دانش سکول فاضل پور کے طلباو طالبات دراصل تعلیمی میدان کے نایاب جواہر اور نگینے ہیں۔ قوی امکان ہے کہ اس ادارے کے طلباوطالبات مستقبل میں ملک و قوم کی باگ دوڑ سنبھالیں گے۔ یہ باتیں انہوں نے دانش سکول فاضل پور میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے تقریری و تحریری مختلف مقابلوں میں نمایاں کارکردگی حاصل کرنے والے طلبا میں تعریفی اسناد تقسیم کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر پرنسپل دانش سکول فاضل پور محمد اکرم، پرنسپل کالج آف کامرس پروفیسر نذیر احمد سکھانی، پرنسپل ڈسٹرکٹ پبلک سکول راجن پور نوید قمر،چیف ایگزیکٹو آفیسر تعلیم احسان اللہ گورمانی اور دیگر گورننگ باڈی کے ممبران نے شرکت کی۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر راجن پور نے گورننگ باڈی دانش سکول کے اجلاس کی صدارت کی ۔اجلاس میں پچھلے ماہ کی کارروائی اور آئندہ کے لائحہ عمل، سکول کے داخلے اور شجر کاری کو زیر بحث لایا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ بچوں کی تعلیم اور تربیت کے معیار اور کوالٹی کو مزید بڑھائیں۔ بچوں کی رہائش اور کھانے پینے کا خاص خیال رکھا جائے۔