راجن پور( صبح پا کستان ) ڈپٹی کمشنر راجن پور محمد الطاف بلوچ نے پٹرول پمپس مالکان اور انجمن تاجران سے دارالمواخات کے حوالے سے اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دار المواخات ایک ایسا ادارہ ہے جو غریب ،نادار،مستحق اور بیوہ کی فلاح و بہبود اور ضرورت مندوں کومالی امداد فراہم کر تا ہے۔ یہ ادارہ نہ صرف غریب بچیوں کی شادی کے لئے جہیز فنڈ فراہم کرتا ہے بلکہ ضرورت مندوں کوراشن اور ادویات بھی فراہم کر رہا ہے۔انشاء اللہ یہ ادارہ ایک مثالی ادارہ بنے گا ۔ مخیر حضرات کو چاہئے کہ دارالمواخات کے پلیٹ فارم کے لئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ اس پروگرام کے تحت بے روزگار غریب نوجوانوں کو روز گار فراہم کیا جائے گا۔ اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل کو ترتیب دینے کے لئے اور میگا پروگرام میں مستحقین میں امدادی پیکج تقسیم کرنے کے لئے انتظامات کو زیر بحث لایا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ یہ ادارہ اپنی مدد آپ کے تحت ضلع راجن پور سے شروع کیا گیاہے۔اجلاس میں موجود شرکاء نے ڈپٹی کمشنر کے اس اقدام اور خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شازیہ نواز ،پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج ڈاکٹر شکیل پتافی،پرنسپل کالج آف کامرس پروفیسر نذیر احمد سکھانی ،سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹیٹر عبدالرحمان ،امان اللہ قریشی،نوید رضا کھتران ،انجمن تاجران سے عبدالرشید ساجد اور دیگر مخیر حضرات نے شرکت کی۔