راجن پور ( صبح پا کستان )وفاق المدارس العربیہ ضلع راجن پور کے کنوینئر ممبر ضلعی امن کمیٹی سفیر امن مولانا عبدالصمد درخواستی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحفظ حرمت رسولﷺ کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے سامراجی قوتوں کا ایجنٹ مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے میں مصروف ہیں عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ ہر مسلمان کے ایمان کا بنیادی جزو ہے مسلم ممالک ہالینڈ کی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں اسلامی امہ کو ہالینڈ کے خلاف موثر اقدامات اٹھانے ہونگے ۔ پوری قوم ناموس رسالت کے تحفظ کے لیے اٹھ کھڑی ہو سینٹ میں گستاخ خانہ خاکوں کے خلاف متفقہ قرار داد کی منظوری اور وزیراعظم عمران خان کی طرف سے اقوام متحدہ میں قرار داد پیش کرنے کاا علان خوش آئند ہے ان خیالات کا اظہار مولانا عبدالصمد درخواستی نے جامعہ شیخ درخواستی راجن پور میں علماء و طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر جمعیت علماء اسلام کے ضلعی جنرل سیکریٹری مولانا سیف الرحمن بھٹی ، مولانا رحمت الرحمن درخواستی ، حاجی عبدالعزیز بھٹی ،مولانا اسلم بھٹی ،قاری عبدالرحیم بھٹی، قاری عبدالحمید ، مولانا غلام رسول مزاری ، مولاناغلام مصطفی مزاری ،مولانا غلام مرتضیٰ حیدری، قاری ابوبکر درخواستی ، و دیگر موجود تھے ، مولانا عبدالصمد درخواستی نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ کی شان میں گستاخیاں ناقابل برداشت ہیں ۔عالمی سطح پر تمام انبیاء کی حرمت کے تحفظ کے لیے قانون سازی کی جائے ۔ انہوں نے کہا مساجد اور مدارس میں چھاپے نہ مارے جائیں اور بے گناہ علماء ، طلبہ کو گرفتار نہ کیا جائے ۔اور گرفتار علماء ،طلبہ کو فی الفور رہا کیا جائے ۔ورنہ ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا آغاز کردیا جائے گا۔