راجن پور( صبح پا کستان ) وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان خان بزدار کی خصوصی ہدایات پر پر ڈپٹی کمشنر راجن پور محمد افضل خان کی قیادت میں راجن پور میں بے نامی جائیداد رکھنے والوں کے خلاف کاروائی شروع کردی گئی ہے ۔
بے نامی جائیداد میں منقولہ و غیرمنقولہ جائیداد کا فرضی کیاگیا لین دین، ایسی جائیداد جس کے مالک کا پتا نہ ہو یا وہ ملکیت سے انکار کردے اور ایسا لین دین جس میں رقم ادا کرنے والے شخص کی شناخت نہ ہو سکے شامل ہیں ۔ بے نامی جائیداد کو حکومت کی جانب سے قانونا جرم قرار دیا گیا ہے جس پر ایک سے سات سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر راجن پور محمد افضل ناصر خان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ضلع راجن پور کے تمام اسٹیک ہولڈرز بے نامی جائیداد کی نشاندہی میں ضلعی انتظامیہ کی مدد کریں اور بے نامی جائیداد کی شناخت ضلعی انتظامیہ کو دیں ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو راجن پور سے ضلعی سطح پر جبکہ متعلقہ تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنر سے تحصیل سطح پر بے نامی جائیداد کی معلومات فراہم کرنے کے لئے رابطہ کیا جا سکتا ہے یا اس سلسلے میں ضلعی سطح پر قائم کردہ ہیلپ لائن نمبر 0604-920029 پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔ مزید تفصیلات کے مطابق بے نامی جائیداد سے متعلق حاصل ہونے والی معلومات کی محکمہ ریونیو اور ایف بی آر سے تصدیق کرائی جائے گی ۔ بے نامی جائیداد کی نشاندہی کرنے والوں کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا جبکہ غلط معلومات فراہم کرنے پر 6 ماہ سے پانچ سال تک کی قید ہو سکتی ہے ۔ انتظامیہ کو بے نامی جائیداد بارے معلومات فراہم کرنے کی آخری تاریخ 29 ستمبر 2019 ہے ۔