راجن پور( صبح پا کستان ) ڈپٹی کمشنر نے اسلحہ برانچ میں جعلسازی اور غیرقانونی طور پر اسلحہ لائسنسوں کا اجرا کرنے پر متعلقہ اہلکار صفدر چراغ کے خلاف انضباطی کاروائی کرتے ہوئے اسے نوکری سے برخاست کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلحہ برانچ میں جعلسازی اور بے ضابطگیوں کی شکایات پر ڈپٹی کمشنر راجن پور نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، اسسٹنٹ کمشنر راجنپور اور ڈی ایم او پر مشتمل انکوائری کمیٹی تشکیل دی تھی۔ کمیٹی کی جانب سے رپورٹ میں سنگین بے ضابطگیوں اور جعلسازی کی نشاندہی کی گئی اور صفدر چراغ کلرک، محمد حنیف کلرک و دیگران کو ذمہ دار قرار دیا گیا۔ جس پر ڈپٹی کمشنر نے کاروائی کرتے ہوئے 70 اسلحہ لائسنس جو کہ خلاف ضابطہ اور جعلسازی سے متعلقہ اہلکاروں کی ملی بھگت سے جاری ہوئے، منسوخ کر دئیے ہیں اور ڈی سی راجن پور نے قاصران کے خلاف اینٹی کرپشن میں پرچہ بھی درج کروا دیا جو کہ زیر تفتیش ہے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ دوران انکوائری و بعد ازاں جعلساز مافیا نے متعلقہ افسران کو ہراساں کرنے کی کوششیں کیں۔ جس پر متعلقہ ادارے اب اسلحہ مافیا کے خلاف مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔ گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ معاملے کی مزید تحقیق جاری ہے اور ان اسلحہ برانچ کے اہلکاران کے ٖخلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع راجن پور کے سرکاری اداروں میں کرپٹ افسران و اہلکاران کی کوئی گنجائش نہیں ۔سرکاری محکمہ جات میں افسران و اہلکاران حکومت کے نمائندہ ہوتے ہیں جن کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ عوام کو شفاف اور فوری خدمات مہیا کریں،نہ کہ جعلسازی اور دھوکہ دہی کے ذر یعے صرف مخصوص ٹولہ کو فائدہ پہنچا کر حکومت پنجاب اور سرکاری اداروں کی بدنامی کا باعث بنیں۔