راجن پور( صبح پا کستان )خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے ایک سیمینار سوشل ویلفیئر کے دفتر میں منعقد ہوا۔ جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنرراجن پور محمدالطاف بلوچ اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجن پور یار محمد ولانہ تھے۔ اس موقع پر سینئر سول جج ندیم اقبال ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شازیہ نواز، اے سی راجن پور لیاقت علی ، ڈی ایم او اسد علی ، سپرنٹنڈنٹ دارالامان صبا زہرا ، منیجر صنعت زار نادیہ نواز ، عبدالرحمان لاکھا، تنزیل الرحمان علوی ، سماجی تنظیم سنگتانی سے نرجس اشفاق اور دیگر تنظیموں کے نمائندگان کے علاوہ خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور ڈی سی نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں عورت کو برابر کے حقوق ہیں۔ عورت کو معاشرے میں اتنا مضبوط کیا جائے کہ وہ کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلائے۔ اسلام میں جو مقام عورت کو دیا گیا ہے وہ کسی ا ور مذہب میں نہیں ہے۔ ہم سب کو اسلامی تعلیمات پر عمل کرنا چاہیے۔ اسلام ایک واحد مذہب ہے جس نے خواتین کو حقوق دیئے۔ ہر عورت کو ان کے مقام مرتبہ کے مطابق عزت دینی چاہیے۔ وراثتی تقسیم میں بھی حکومت پنجاب نے عورتوں کے حقوق کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شازیہ نواز ،سماجی تنظیم سنگتانی کی طرف سے نرجس اشفاق و دیگر نے بھی خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیکھا جائے تو ہر دن عورت کے حقوق کا دن ہے۔ موجودہ معاشرہ میں عورت کو مکمل تحفظ فراہم کیا جارہا ہے۔ بعد ازاں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور ڈپٹی کمشنر نے شیلڈ تقسیم کیں اور لگائے گئے سٹالز کا معائنہ بھی کیا۔یہ سیمینار سنگتانی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے اشتراک اور BCIکے تعاون سے منعقد کیا گیا۔