راجن پور( صبح پا کستان )گندم خریداری مہم 2019کے دوران کاشتکاروں میں باردانہ کی تقسیم میرٹ پر کی جائے۔ریونیو افسران 15مارچ تک گرداوری مکمل کر اکے لسٹیں تیار کرائیں۔ضلع بھر کے مراکز خرید گندم پر مڈل مین اور آڑھتیوں کا داخلہ بند ہوگا۔ یہ باتیں ڈپٹی کمشنر راجن پور محمد الطاف بلوچ نے گندم خرید اری مہم 2019 کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر راجن پور لیاقت علی گیلانی ،اسسٹنٹ کمشنر جام پور سیف الرحمان،اسسٹنٹ کمشنر روجھان عمران منیر ،ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر میاں پرویز،ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر محمد اسد علی،اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ یعقوب شیروانی کے علاوہ ریونیو ، زراعت،مارکیٹ کمیٹی اور محکمہ لائیو اسٹاک کے افسران نے شرکت کی ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع بھر میں نوگندم خرید مراکزبنائے جائیں گے۔جن میں راجن پور، جام پور، روجھان، فاضل پور، کوٹ مٹھن، عمرکوٹ ،مٹ واہ، محمد پور اور نورپور شامل ہیں۔ گندم خرید کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر راجن پور نے متعلقہ افسران کی ڈیوٹیاں لگا دی ہے۔