راجن پور( صبح پا کستان ) حکومت بے روزگاری کے خاتمے اور خواتین کو بہتر روز گار فراہم کرنے کے لئے مختلف شعبہ جات میں تربیت دے رہی ہے تاکہ یہ خواتین ہنر مند ہو کر معاشرے میں اچھا روزگار حاصل کر سکیں۔یہ باتیں ڈپٹی کمشنر راجن پور اشفاق احمد چوہدری نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے شعبہ صنعت زار میں تربیت حاصل کرنے والی خواتین میں سلائی مشین،ٹول کٹس اور سرٹیفیکیٹ وزیر اعظم سکیم یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ کے تحت تقسیم کرتے ہوئے کہیں۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شازیہ نواز ،منیجر صنعت زار نادیہ نواز،سماجی تنظیموں کے نمائندگان اور دیگر خواتین بھی موجود تھیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو ہنر مند بنا کر معاشرے کا بہترین شہری بنا سکتے ہیں۔اس موقع پر منیجر صنعت زار نادیہ نواز نے بتایا کہ اس سکیم کے تحت 275خواتین کو مختلف شعبہ جات میں تربیت دی گئی ہے اور ماہانہ تین ہزار روپے وظیفہ بھی دیا جاتا ہے ۔بعد ازاں صنعت زار میں بنائی گئی ایڈوائزری کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر نے کی۔کمیٹی کا مقصد صنعت زار کے مسائل حل کرنا ہے۔