راجن پور( صبح پا کستان ) صوبائی وزیر پنجاب لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب سردار حسنین بہادرخان دریشک نے کہاہے کہ پنجاب حکومت وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی قیادت میں عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے۔ تحصیل ،ضلع اور ڈویژن کی سطح پر کھلی کچہریوں کا انعقاد، ان میں عوام الناس کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے افسران کی موجودگی اور شکایات و مسائل کے موقع پر حل کے لیے اقدامات اسی سلسلے کی کڑیاں ہیں۔ صوبہ بھر کے اعلیٰ افسران کے دفاتر اور وزیراعلی آفس و ہاؤس تک کے دروازے عوام الناس کی بلاامتیاز خدمت کے لیے ہمہ وقت کھلے ہیں۔یہ باتیں انہوں نے محمدپوردیوان میں منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیں۔ اپنے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بہت جلدضلع راجن پور کا دورہ کرکے ضلع کیلئے بڑے تاریخی ترقیاتی پیکیج کا اعلان کریں گے۔کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر محمد الطاف بلوچ،ڈی پی او ہارون رشید،مختلف محکموں کے افسران، عوامی و میڈیا نمائندگان اور عوام کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔کھلی کچہری میں عوام کی جانب سے محکمہ پولیس، انہار، ریونیو، تعلیم، صحت اور بلدیہ بارے شکایات دی گئیں۔ عوام کی جانب سے پیش کی جانے والی مختلف شکایات پر فوری نوٹس لیا گیااور ان کے فوری حل کے لیے موقع پر ہی ہدایات جاری کی گئیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد الطاف بلوچ کا کہنا تھا کہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے ان کے دفتر میں بلاروک ٹوک کسی بھی وقت رابطہ کی جاسکتا ہے۔ پیش کی جانے والی شکایات پر نہ صرف فوری طور پر ایکشن لیا جائے گا بلکہ شکایت کنندہ کے مسئلہ کے حل ہوجانے پر متعلقہ محکمہ اسے آگاہ کرنے کا بھی پابند ہوگا۔