راجن پور( صبح پا کستان )تفریحی سرگرمیوں سے نوجوانوں پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔حکومت پنجاب عوام کی فلاح و ترقی کے لئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے۔نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیاں بھی بہت ضروری ہیں۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر راجن پور اشفاق احمد چوہدری ،ایس پی انوسٹی گیشن ظفر خان بزدار اور دیگر مقررین نے سالانہ تقریب تقسیم انعامات اور فلاور شو کے موقع پر کامرس کالج راجن پور میں خطاب کے دوران کیا ۔اس تقریب میں ڈی ایم او فرحان مجتبیٰ ،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ارشد بخاری،اسسٹنٹ کمشنر سمیت علماء کرام ،میڈیا کے نمائندگان ،اساتذہ کرام اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں پرنسپل کالج آف کامرس پروفیسر نذیر احمد سکھانی نے کہا ہے کہ ادارہ ہذا کی طالبہ عارفہ رزاق نے پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن لاہور میں پنجاب بھر سے اول پوزیشن حاصل کی ۔باقی چھ پوزیشنیں بھی ادارہ ہذا کے حصہ میں آئی ہیں جو ادارہ کی کامیابیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔اس تقریب میں کالج کے طلباء و طالبات نے تقاریر اور ٹیبلو پیش کئے اور روائتی جھومر بھی پیش کی گئی ۔تقریب کے آخر میں اول پوزیشن لینے والی طالبہ کو موٹر سائیکل اور دیگر طلباء و طالبات میں بھی انعامات اور پرفارمنس دکھانے والوں میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔اس موقع پر آصف عطاء کی جانب سے موٹر سائیکل ،امان اللہ قریشی گلوبل گروپ آف انڈسٹریز کی جانب سے ایک لاکھ روپے جبکہ چیئرمین میونسپل مصالحتی کمیٹی قاری محمود قاسمی نے بیس ہزار روپے پوزیشن لینے والے بچوں کے لئے اعلان کیا ۔