راجن پور( صبح پا کستان ) ایک انسان کی زندگی بچانا پوری انسانیت کی زندگی بچانے کے برابر ہے ۔پنجاب حکومت لوگوں کے جان و مال کی حفاظت کے لئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔خدانخواستہ اگر کوئی قدرتی آفت آ جائے تو اس سے کیسے نمٹا جائے ،اس سلسلہ میں آج دریائے سندھ کے کنارے ریسکیو 1122،سول ڈیفنس اور دیگر محکمہ جات مل کر فرضی مشقیں کر رہے ہیں۔یہ باتیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریوینو میاں غلام رسول ،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122ڈاکٹر محمد اسلم ،ایمرجنسی آفیسر رانا محمد یامین،سول ڈیفنس آفیسر عقیل گل،پی ڈی ایم اے کے نمائندہ حافظ ممتاز اور دیگر نے موک ایکسرسائز کا معائنہ کرتے ہوئے کیں۔اس موقع پرریسکیو 1122کے علاوہ پولیس ،ریوینو ،صحت ،لائیو سٹاک،سماجی تنظیم ہیلپ فاؤنڈیشن،شہری دفاع اور دیگر محکموں نے ان مشقوں میں حصہ لیا۔اس موقع پر ایمرجنسی آفیسر رانا محمد یامین نے بتایا کہ ان فرضی مشقوں کا مقصد قدرتی آفات کی صورت میں نقصانات کو کم سے کم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ یونین کونسل کی سطح پر ریسکیو کی ٹیمیں بنائی جا رہی ہیں جن کو باقاعدہ طور پر تربیت بھی دی جائے گی۔