راجن پور( صبح پا کستان )خصوصی افراد معاشرے کا حصہ ہیں ان کی مدد کرنا کار ثواب ہے ۔محکمہ سوشل ویلفیئر غریب، ناداراور مستحق افراد کی فلاح و بہبود کے لئے اپنی خدمات سر انجام دے رہا ہے ۔شازیہ نواز بطور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اس محکمے میں ان کی خدمات قابل تعریف ہیں۔یہ باتیں ڈپٹی کمشنر راجن پور اشفاق احمد چوہدری نے آج سوشل ویلفیئر کے دفتر میں خصوصی افراد میں ویل چیئر اور راشن تقسیم کرتے ہوئے کہیں۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نے بتایا کہ ضلع راجن پور میں 158خصوصی افراد میں ویل چیئر اور راشن تقسیم کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان خصو صی افراد کو پہلے بھی خدمت کارڈ ،سفری کارڈ تقسیم کئے جا چکے ہیں اور سرکاری محکموں میں بھی کوٹہ کے مطابق ملازمتیں دی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ہر موقع پر ان خصوصی افراد کی خدمت کرتے رہتے ہیں ۔مزید انہوں نے کہا کہ ایس کے ٹی کا تعاون اور سماجی تنظیم سٹیپ کی امداد بھی شامل ہے۔اس میں مقامی سماجی تنظیموں نے بھی اپنا کردار ادا کیا ہے۔