راجن پور(صبح پا کستان)وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے منصوبہ برائے گھریلو مرغبانی کے تحت تقسیم کیے جانے والے ہر پولٹری یونٹ پر حکومت کی طرف سے 30فیصد سبسڈی دی جارہی ہے۔یہ باتیں صوبائی وزیر لائیو اسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب سردار حسنین بہادر خان دریشک نے وزیر اعظم پاکستان کے منصوبہ برائے گھریلو مرغبانی کے تحت عمر کوٹ تحصیل روجھان میں پولٹری یونٹس کی تقریب تقسیم سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی زرعی معیشت کی ترقی میں لائیو اسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کا نہایت اہم کردار ہے۔ پاکستان میں گندم اور کپاس سے جتنا آمدن ہوتی ہے اس سے ذیادہ دودھ سے حاصل ہوتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگلے مالی سال میں جانوروں کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے وہ چارہ اور ونڈا تقسیم کرنے کا پروگرام شروع کیا جارہا ہے جو پورا سال دستیاب ہو گا۔چارہ اور ونڈا کے استعمال سے دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ ہو گا۔تفصیلات کے مطابق تقریب کے دوران 62خواہش مند افراد میں پولٹری یونٹس تقسیم کیے گئے۔ ہر یونٹ 5 مرغیوں اور ایک مرغا پر مشتمل ہے۔ جن کا وزن 800سے 900 گرام تک ہے۔منصوبہ برائے گھریلو مرغبانی سے ملک میں غربت کے خاتمے کے ساتھ غذائی قلت کو پورا کرنے میں کافی مدد ملے گی۔