راجن پور( صبح پا کستان )احتیاط علاج سے بہتر ہے ۔ڈینگی سے بچاوکے لئے اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں ۔یہ مرض قابل علاج ہے۔ اگر کسی کو یہ مرض لاحق ہوجائے تو ان کو زیادہ سے زیادہ پانی پلایا جائے اور فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ یہ باتیں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر راجن پور ڈاکٹر علی ہاشم ،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال راجن پور ڈاکٹر عبداللہ جلبانی اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شعیب رحمان نے ڈینگی سے آگاہی کے متعلق ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر ڈی ایل ایس محمد طفیل ،عبدالستار ،وسیم اکرم ،نرسنگ سکول کی ا ساتذہ اور طالبات نے شرکت کی ۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لیے صفائی بہت ضروری ہے ۔یہ مچھر صبح سورج نکلنے اور غروب ہوتے وقت حملہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھروں کے روشن دانوں اور کھڑکیوں میں جالی کا بندوبست کریں۔ لان میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔ بارش کی صورت میں پانی کی نکاسی رکھی جائے۔ بعدازاں ڈینگی سے آگاہی کے لیے واک کی گئی اور پمفلٹ تقسیم کئے گئے۔ جس کی قیادت ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے کی۔ آخر میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بنایا گیا ڈینگی کاؤنٹر کا بھی وزٹ کیا اور ڈینگی کے خاتمے کا عہد کیا اور دعا کی گئی۔