راجن پور (صبح پا کستان)گزشتہ روز ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے راجن پور پولیس مقابلہ میں شہید ہونے والے ایلیٹ فورس کے نوجوانوں محمد ثقلین اورعملدار شاہ کی رسمِ قل خوانی میں شرکت کی اور اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔
اس موقع پر انہوں نے اہلِ خانہ اور علاقہ کے لوگوں سے گفتگو کرتے ہوے کہا کہ پنجاب پولیس ایک قابل اور تربیت یافتہ پولیس فورس ہے اور پولیس فورس کے نوجوانوں نے ہمیشہ اپنی جان پر کھیل کر ملک میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر کیا ہے اور انشاء اللہ ان نوجوانوں کی قربانی کبھی رائیگاں نہیں جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ سابقہ حکومتوں میں محکمہ پولیس کو مکمل طور پر سیاسی بنا دیا گیا تھااور بڑی تعداد میں سیاسی تعیناتیوں کی وجہ سے محکمہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اْٹھے، لیکن انہی نوجوانوں جنہوں نے وقتاََ فوقتاََ ملک کے استحکام کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، کی وجہ سے محکمہ پولیس پر لوگ فخر کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے محکمہ پولیس میں اصلاحات کی ہیں اور کافی حد تک اصلاحات کی جا رہی ہیں جس سے امید کی جا سکتی ہے کہ آئیندہ آنے والے چند ماہ میں پولیس کی کارکردگی مزید بہتر ہوگی اور عوام کو انصاف ان کی دہلیز پر ملے گا۔