راجن پور( صبح پا کستان )میلاد کا انعقاد اللہ کی رضا اورنبی کریم ﷺ کی خوشنودی کے لئے ہونا چاہیے۔ جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اہتمام کرنا باعث اجر و ثواب ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد سے دنیا روشن ہوئی۔ جہالت کا خاتمہ ہوا ۔اسوہ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم پر عمل کرنا اصل کامیابی ہے۔ یہ باتیں ممبر قومی اسمبلی سردار نصراللہ خان دریشک، ڈپٹی کمشنر راجن پور محمد الطاف بلوچ، ڈی پی او ہارون راشداورایم پی اے فاروق امان اللہ دریشک نے آج 12 ربیع الاول کے مرکزی جلوس کی قیادت کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو محمد افضل ناصر، اسسٹنٹ کمشنر راجن پور لیاقت علی گیلانی ،کمانڈنٹ بارڈر ملٹری پولیس محمد اشرف، چیئرمین ضلع کونسل سردارعبدالعزیز خان دریشک، امن کمیٹی کے ارکان ،علماکرام اور لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ یہ جلوس صبح10بجے چوک الہ آبادسے شروع ہوا اور مختلف راستوں سے ہوتا ہوا گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائر سکینڈری سکول میں اختتام پذیر ہوا۔ سکول ہذا میں تقریب منعقد کی گئی۔ جہاں پر نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور تقاریر کی گئیں۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے ایم این اے اور ایم پی اے کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں مریضوں کی عیادت کی اور ان میں پھل تقسیم کیے۔ اسی طرح ڈسٹرکٹ جیل راجن پور میں بھی قیدیوں میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔