راجن پور( صبح پا کستان )جدوجہد سے کامیابی ملتی ہے۔ مسلمانوں نے جدوجہد کی اور وطن پاکستان حاصل کرلیا۔ ان خیالات کا اظہار سینئر سول جج راجن پور ملک محمد ندیم اقبال نے 23مارچ کے سلسلہ میں گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 1 میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ تمام طلباء عزم اور ہمت سے آگے بڑھیں۔یہ علاقہ زرخیز ہے۔ اس علاقے سے لوگ بڑے بڑے عہدوں پر فائز ہوئے ہیں۔ آپ طالبعلم بھی عزم کرلیں تو بلند مقام حاصل کر سکتے ہیں ۔یہ ملک اللہ کی ایک نعمت ہے۔ اس ملک کا قرض ہم پر ہے۔ یہ قرض ہم نے وطن کی خدمت کرکے اتارنا ہے۔ ملک کی خدمت کے لیے خود کو تیار کرلیں۔ اس موقع پر سینئر ہیڈ ماسٹر چوہدری نوراحمد، پرنسپل گورنمنٹ کالج آف کامرس نذیر احمد سکھانی اور نصراللہ قریشی ایڈوکیٹ نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طالبعلم اپنی زندگی میں محنت اور جدوجہد کر کے مقام حاصل کر سکتے ہیں ۔یہی ہماری تاریخ اور ہمارا ورثہ ہے ۔پاکستان کے حصول کے لئے محنت کی گئی۔ اب آپ نے اپنے ملک کی خاطر محنت کرنی ہے۔ آخر میں تقریری اور ملی نغموں کے مقابلہ میں حصہ لینے والے طلبا میں سرٹیفیکیٹ اور انعامات بھی تقسیم کیے گئے اور آخر میں ملکی سلامتی کے لئے دعا کی گئی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض باقر جسکانی نے سرانجام دئیے۔