راجن پور(صبح پا کستان) جمعیت علماء اسلام س و جامعہ عبداللہ ابن مسعود خان پور کا عالمی اجتماع نفاذ اسلام اور امن کے قیام کے لئے سنگ میل ثابت ہوگا۔ عالمی اجتماع میں پاکستان کے چاروں صوبوں بشمول گلگت بلتستان و آزاد کشمیر سے فرزندان توحید کے قافلے جوق در جوق شرکت فرمائیں گے ۔یہ عالمی اجتماع جمعیت علماء اسلام کے امیر مرکزیہ حافظ الحدیث والقرآن حضرت مولانا عبداللہ درخواستی رحمتہ اللہ علیہ کی یاد میں منعقد ہوتاہے۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام پنجاب کے ترجمان ممبر ضلعی و ڈویثرنل امن کمیٹی مولانا عبدالصمد درخواستی نے صحافیوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا جامعہ عبداللہ ابن مسعود خان پور کا عالمی اجتماع 15،16،17مارچ کو اپنی سابقہ شاندار روایات کے مطابق انعقاد پذیر ہو رہا ہے ۔ اس عالمی اجتماع میں جمعیت علماء اسلام کے قائد دفاع پاکستان کونسل کے چیئر مین مولانا حامد الحق حقانی ، جرنیل جمعیت جمعیت علماء اسلام کے مر کزی ناظم اعلیٰ مولانا عبدالرؤف فاروقی ، جمعیت علماء اسلام کے مرکزی ترجمان سید محمد یوسف شاہ، شاہ عبدالعزیز مجاہد ،سابق ایم این اے جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سر پرست اعلیٰ ڈاکٹر محمد اجمل قادری تحریک نوجوانان و کشمیر کے مرکزی قائد محترم جناب عبداللہ گل کا خان پور آمد پر والہانہ پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔ جامعہ عبداللہ بن مسعود کے عالمی اجتماع میں تحفظ پاکستان ، تحفظ ختم نبوت ،شہدائے ختم نبوت ، شہدائے پاک فوج و تمام سیکورٹی ادارے کے لئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔ اس موقع پر جمعیت علماء اسلام ضلع راجن پور کے امیر قاری عتیق الرحمن ارشد، صاحبزادہ مولانا رحمت الرحمن درخواستی، مولانا ارشد درخواستی، مولانا حسین احمد رخواستی، قاری عبدالقیوم ، قاری محمد حفیظ عثمانی موجود تھے۔