کراچی . پاکستان نے دوسرے ایک روزہ میچ میں مہمان ٹیم سری لنکا کو 67 رنز سے شکست دے دی۔ پاکستان کے 306 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم صرف 238 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی
کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں سری لنکن ٹیم شروع سے ہی مشکلات کا شکار نظر آئی اور اس نے صرف 28 کے مجموعی سکور پر 5 وکٹیں گنوادیں۔ پریشر بڑھا تو جے سوریا اور شناکا نے انتہائی ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعے کو 206 رنز تک پہنچادیا۔ انہوں نے بالترتیب 96 اور 68 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے عثمان شنواری نے انتہائی جارحانہ باﺅلنگ کی اور 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ لیگ سپنر شاداب خان کے حصے میں 2 جبکہ محمد عامر ، وہاب ریاض اور عماد وسیم کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ پاکستانی باﺅلرز کی شاندار باﺅلنگ کے باعث سری لنکا کے 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوپائے۔
قبل ازیں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے 54،امام الحق نے 31،بابر اعظم نے 115،حارث سہیل نے 40،سرفراز احمد نے 8اور عماد وسیم نے 12رنز بنائے ۔افتخار احمد 20گیندوں پر 32رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے ۔ پاکستان نے مقررہ پچاس اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 305رنز بنائے ۔سری لنکا کی جانب سے ڈی سلوا نے 2،جبکہ اوڈانا اور کمار نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔
یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ون ڈے میچ 27 ستمبر کو کھیلا جانا تھا تاہم طوفانی بارش کے باعث میچ منسوخ ہو گیا۔ مزید بارشوں کے پیش نظر دوسرے ون ڈے میچ کا دن بھی تبدیل کر دیا گیا تھا۔پاکستان کر کٹ بورڈ نے شائقین کرکٹ خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ منسوخ ہونے والے ون ڈے میچ کی ٹکٹیں دوسرے یا تیسرے میچ میں استعمال ہو سکیں گی۔