لاہور ۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ خطے میں امن کی کنجی کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل ہے، کشمیریوں کے سفیر عمران خان نے ہی مسئلہ کشمیر کو سرد خانہ سے نکالا ہے۔
گورنر ہاوس میں ملتان بار اور کشمیری وفد سے ملاقات میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل سمیت پوری دنیا میں امن پسند لوگ کشمیریوں کی بات کر رہے ہیں، توقع ہے صدر ٹرمپ بھی نریندر مودی سے کشمیر پر ضرورت بات کر ینگے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ یورپی یونین اور بر طانوی پارلیمنٹ میں بھی مسئلہ کشمیر پر بحث ہو رہی ہے، بین الاقوامی میڈیا بھی کشمیرمیں بھارتی دہشت گردی کو دنیا کے سامنے لا رہا ہے، کشمیر یوں اور بھارتی مسلمانوں کے حقوق کیلئے پاکستان سفارتی محاذ پر جنگ لڑ رہا ہے۔
چوہدری محمد سرور نے کہا کہ حکومت آئین و قانون کی حکمرانی اور شفافیات پر یقین رکھتی ہے، قانون کی بالادستی کیلئے وکلاء کا ہمیشہ مثالی کردار رہا ہے، حکومت فوری اور سستے انصاف کیلئے اپنی ذمہ داری پوری کریگی، بروقت اور فوری انصاف سے ہی ظلم اور ناانصافی کا خاتمہ ممکن ہے۔