اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکمران جماعت نے سپریم کورٹ کی طرف سے نااہل قرار دیئے گئے شخص کو پارٹی سربراہ بنانے کے لیے آئین کے ساتھ جو کھلواڑ کیا اس کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے ، اگر جمہوریت کو اس سے کوئی نقصان پہنچا تو ذمہ دار حکومتی ٹولہ ہوگا ، ملک میں سیاست فرد اور خاندان کے گرد گھوم رہی ہے ، یہ جمہوریت نہیں بدترین آمریت ہے ، پانامہ لیکس کے دیگر 436 کرداروں کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کیے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے ، ہم کسی ایک فرد یا خاندان کا نہیں ، ان تمام لوگوں کا احتساب چاہتے ہیں جنہوں نے اپنے عہدوں کا غلط استعما ل کر کے قومی دولت کو لوٹ کر بیرونی بنکوں میں جمع کیا ،حکمران جماعت نے آئین میں ترمیم کر کے قادیانی ووٹروں کو بھی مسلم ووٹرز کی فہرستوں میں شامل ہونے کا موقع دیا، اس کے خلاف 5 اکتوبر کو منصورہ میں دینی جماعتوں کو جمع کر کے مشترکہ لائحہ عمل دیں گے ۔
اسلام آباد میں پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےسینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک بڑی قومی تحریک کے نتیجہ میں بناتھا ، کسی فرد واحد یا خاندان نے نہیں بنایا تھا مگر 70 سال سے جاگیرداروں ، وڈیروں اور سرمایہ داروں کے چند خاندان اقتدار کے ایوانوں پر قابض ہیں جو سیاست اور جمہوریت کو اپنے گھر کی لونڈی سمجھتے ہیں ، ان لوگوں نے اپنے سرکاری منصبوں کا غلط استعمال کر کے ریاستی اداروں کو تباہ کیا اور قومی دولت کے اربوں کھربوں لوٹ کر بیرون ملک منتقل کردیے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری ، تعلیم ، صحت کی سہولتوں کی عدم دستیابی سمیت لوڈشیڈنگ کے اندھیروں کا ذمہ دار یہی ٹولہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک اور احتساب مہم جاری ہے اور ہم اس وقت تک ان لٹیروں کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے جب تک لوٹی گئی قومی دولت کو واپس نہیں لے آتے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر سپریم کورٹ کے فیصلوں پر چوکوں اور چوراہوں میں احتجاجی مظاہرے ہونے لگے تو پھر آئین اور قانون کی حکمرانی اور عدلیہ کی بالادستی کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا ، نوازشریف سمیت حکمران جماعت کے کسی فرد نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو دل سے تسلیم نہیں کیا ورنہ وہ اس طرح سپریم کورٹ اور اداروں کی توہین نہ کرتے ۔ انہوں نے کہاکہ انتخابی اصلاحات بل میں ترمیم کی آڑ میں عالمی استعمار ی ایجنڈے کو پورا کرتے ہوئے حکومت نے قادیانیوں کو بھی مسلمانوں میں شامل ہونے کا موقع فراہم کردیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ ختم نبوت ﷺ کے قائل ہونے کے حلف کو آئین سے نکالنے سے قادیانی اپنا اندراج مسلم ووٹر لسٹوں میں کروائیں گے اور اس طرح قادیانیوں کی غیر مسلم شناخت ختم ہو کر رہ جائے گی اور پاکستان و پیغمبر اسلام ﷺ کے دشمنوں کو ملک کے اعلیٰ ترین عہدوں پر پہنچنے کا موقع مل جائے گا۔
source…
http://dailypakistan.com.pk/national/03-Oct-2017/652931