لاہور: مسلم لیگ (ن) کی جانب سے حکومت پنجاب کو خط لکھا گیا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ صوبائی حکومت کے اجلاس میں شرکت کے لئے نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر کو ویڈیولنک پر آنے کی اجازت دی جائے۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق حکومت پنجاب کی خصوصی کمیٹی نے مسلم لیگ (ن) کے نمائندوں کو آج کے اجلاس میں طلب کیا تھا، تاہم نوازشریف کے ذاتی معالج نے مؤقف پیش کیا کہ اتنے کم وقت میں اجلاس میں شرکت کرنا ممکن نہیں اس لئے مجھے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اجازت دی جائے۔
مسلم لیگ (ن) کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطا اللہ تارڈ کی طرف سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم کو خط لکھا گیا جس میں مؤقف پیش کیا گیا کہ حکومت کی ای میل 19 فروری کی رات موصول ہوئی اور گزشتہ روز چوبیس گھنٹے سے بھی کم کے نوٹس پر خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں بلایا گیا، اس قدر کم وقت پر اجلاس میں پیش ہونا ممکن نہیں تھا۔
خط میں مطالبہ کیا گیا کہ خصوصی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کے لئے کسی اورتاریخ کا تعین کیا جائے جب کہ نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنا ن کو ویڈیو لنک پراجلاس میں شریک ہونے کا انتظام کیاجائے۔