کچھ لوگ کرہ ارض پر ایک شخص نہیں بلکہ ایک تنظیم ہوتے ہیں خداداد صلاحیتوں کے مالک ایسے افراد کسی خاص قوم قبیلہ یا ریاست نہیں بلکہ اجتماعیت کی علامت ہوتے ہیں ایسی ہی شخصیت حاجی عبدالوہاب تھے جو عالم تو نہیں تھا لیکن عالموں کے رہبر تھے عصر حاضر میں انکا وجود امت مسلمہ کے لئے بلا مبالغہ انعام خداوندی تھاانکے شب وروز امت کی غمخواری میں گذرتے تھے راتوں کو بیدار رہ کر امت کے گناہگاروں کے لئے تڑپنا، گڑگڑانا وراثت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم سے ملا تھا پاکستان کی تبلیغی جماعت کے امیر کو قدرت نے عزم و ہمت کا کوہ گراں بنایا تھا کئی حکومتوں نے اپنوں کی شازشوں اور اغیار کی چالوں میں آکر سالانہ تبلیغی اجتماع کے لئے سکیورٹی دینے سے معذرت کی تو انہوں نے بے نیازی کے عالم میں فرمایا کہ تم سے "سکیورٹی مانگی کب ہے”۔ ہمارا اوڑھنا بچھونا ہی اللہ احکم الحاکمین کی قدرت کو بیاں کرنا ہے کہ” اللہ پاک سے سب کچھ ہونے کا یقیں اور غیر اللہ سے اللہ پاک کی مرضی کے بغیر کچھ نہ ہونے کا یقین ہم سب دلوں میں حاصل ہو جائے”۔
تحصیلداری جیسے دنیاوی منصب کو چھوڑ کر امت کے درد کو اپنا حرز جاں بنانے والے حاجی عبدالوہاب کواللہ پاک نے اپنا محبوب بنا لیا تھا کیونکہ حدیث پاک سے ہمیں یہیں اشارہ ملتا ہے کہ اللہ پاک جس سے محبت کرتے ہیں تو اسکی محبت لوگوں کے دلوں میں ڈال دیتے ہیں یہی وجہ ہے کہ حاکمان ماضی و حال خواص و عوام آپ کو دیکھنے، مصافحہ کرنے اور آپ کا بیان سننے کے لئے بیتاب رہتے تھے حاجی صاحب کی کئی کرامات بھی بر زبان خواص و عوام ہیں جن میں سے طی ارض بہت مشہور ہے کہ اللہ پاک نے سفر حاجی صاحب کیلئے بہت آسان فرما دیا تھا۔ آپکی مقبولیت عامہ کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ اکثر جاہ جلال کے مالک حکمرانوں کو بھی ان کے سامنے بحالت ادب و نیاز مندی دیکھا گیا ہے
دنیا بھر سے عوام و خواص کا ایک جم غفیر انہیں سفر آخرت پر روانہ اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے اور انکے جنازے شرکت کے لیے پہنچا
تاریخ کا ایک روشن باب بندہوگیا ہے اور تاریخ ساز شخصیت کا عہد اپنے حسین انجام تک پہنچا (1923۔2018)حضرت حاجی عبد الوہاب ؒ بانی تبلیغی جماعت حضرت مولانا محمد الیاس ؒ کے خصوصی رفقا ء میں شمار ہوتے تھے لاکھوں علماء وطلبا سمیت دنیا بھر میں آپ کے عقیدت مندوں کی ایک بہت بڑی تعداد موجود ہے مولانا محمد الیاس ؒ کا لگایا ہوا پودا آج ایک تنا ور درخت ہی نہیں بن چکا بلکہ اللہ والوں کو تیار کرنے کی فیکٹری بن چکا ہے جس کی برانچیں دنیا بھر میں کام کررہی ہیں جس کا منہ بولتا ثبوت رائیونڈ کا عالمی تبلیغی اجتماع ہوتا ہے اللہ رب العزت حضرت حاجی عبد الوہا ب ؒ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے (آمین یارب العالمین )